روئی کی قیمتوں میں 2 روز کے دوران 100 تا 150 روپے من کا اضافہ

قیمتیں بڑھنے کے باوجود ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں کافی اضافہ دیکھا جارہا ہے، چیئرمین کاٹن جنرزفورم


Business Reporter April 10, 2015
قیمتیں بڑھنے کے باوجود ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں کافی اضافہ دیکھا جارہا ہے، چیئرمین کاٹن جنرزفورم۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور گزشتہ 2 روز میں روئی کی قیمت 100 تا 150 روپے کے اضافے سے 5500 روپے من کی سطح پر پہنچ گئی جو 6 ماہ کی بلند ترین سطح ہے جبکہ نیویارک کاٹن ایکس چینج میں مئی وعدہ روئی کے سودے ٹریڈنگ کے دوران 7 ماہ کی بلندترین سطح 67 سینٹ فی پونڈسے بھی بڑھ گئے۔

چیئرمین کاٹن جنرزفورم احسان الحق نے بتایا کہ کچھ عرصے سے پاکستان کے بیشترکاٹن زونز میں ہونے والی بارشوں کے باعث کپاس کی بوائی میں ہونے والی 4 سے 5 ہفتوں کی تاخیر کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنا آیا ہے اورتوقع ہے کہ چند روزمیں روئی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ مختلف عالمی زرعی اداروں کی جانب سے 2015-16 کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوارمیں کمی اورکھپت میں اضافے کے بارے میں متعدد رپورٹس جاری ہونے کے باعث امریکا، بھارت اورچین میں بھی روئی کی قیمتوں میں کچھ عرصہ کے دوران مسلسل اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ قیمتیں بڑھنے کے باوجود ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں کافی اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے باعث روئی کی قیمتوں میں چند روزکے دوران مزید اضافے کا امکان ہے۔