مائی کراچی نمائش میں عوام کا سیلاب امڈ آیا

319 اسٹالز، لان فیبرکس کاعلیحدہ پویلین، فوڈ کورٹس، برڈ شو کا بھی اہتمام


Business Reporter April 11, 2015
نمائش میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے اپنی پروڈکٹس مارکیٹ سے15 تا20 فیصد رعایتی قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں۔ فوٹو: راشد اجمیری/ایکسپریس

کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت 12 واں مائی کراچی نمائش کا جمعہ کو باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے نمائش میں مقامی وغیرملکی کمپنیوں اور تاجروں کے مجموعی طور پر319 اسٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ 19 غیرملکی کمپنیوں نے نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کی ہیں، غیرملکی کمپنیوں میں سب سے بڑا اسٹال انڈونیشیا نے لگایا ہے۔

کراچی چیمبر کی اسپیشل کمیٹی برائے مائی کراچی کے چیئرمین ادریس میمن نے بتایا کہ مائی کراچی نمائش میں عوامی دلچسپی بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے اپنی پروڈکٹس مارکیٹ سے15 تا20 فیصد رعایتی قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں، موسم گرما کے تناظر میں نمائش میں پہلی بارڈیزائنز کی حامل لیڈیز پرنٹ لان فیبرکس کا علیحدہ پویلین بنایا گیا ہے جس میں معروف ڈیزائنرز کے علاوہ لاکھانی، الکرم، لالہ، شبیرٹیکسٹائل، گلوریا، بونینزا، موٹف سمیت دیگر مینوفیکچررز کے پروڈکٹس رعایتی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں اس بار بچوں کی دلچسپی اور فیملیز کی شرکت بڑھانے کے لیے فوڈ کورٹس کے علاوہ برڈ شو بھی منعقدکیا گیا ہے جو یومیہ بنیادوں پر جاری رہے گا جبکہ محکمہ وائلڈ لائف کے تعاون سے قیمتی اور پالتو پرندوں کا بھی شو منعقد کیا جارہا ہے تاکہ عوام میں جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق آگہی کو فروغ مل سکے، مائی کراچی نمائش میں پہلے دن سے ہی عوام کی انٹری کھلی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بعد نماز جمعہ کراچی ایکسپوسینٹر میں عوام کا سیلاب امڈ آیا اور انکی جانب سے وسیع پیمانے پر خریداری کی گئی۔