دنیا بھر سے 7 لاکھ 36 ہزارعازمین حج حجازمقدس پہنچ گئے

سعودی حکومت کا حج سہولتوں کی ما نیٹرنگ کیلیے جدید ای چینل منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ


APP October 10, 2012
سعودی حکومت کا حج سہولتوں کی ما نیٹرنگ کیلیے جدید ای چینل منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب میں عازمین حج کی آمدکا سلسلہ جاری ہے اور اب تک دنیا بھر سے 7 لا کھ 36ہزار109عازمین حج حجازمقدس پہنچ چکے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 7لاکھ 15ہزار645 عازمین حج فضائی، 11365 عازمین زمینی اور9100 عازمین سمندری راستے کے ذریعے حجازمقدس پہنچے۔سعودی حکومت نے عازمین کودوران حج سہولتوں کی فراہمی کو مانیٹرکرنے کے لیے جدید ای چینل منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری سعودی مجلس شوریٰ کے اجلاس میںدی گئی جس کی صدارت خادم حرمین الشریفین شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز نے کی۔

منصوبے کے تحت بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کو ویزا کے اجرا اور ان کے فنگر پرنٹ لینے کا کام حج کے لیے روانگی سے قبل ان کے متعلقہ ممالک میں مکمل کرلیاجائے گا۔حجاج کرام اس منصوبے کے تحت دوران حج ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں بشمول رہائش، ٹرانسپورٹ،کھانا اوراس کے معیارحتیٰ کہ نرخوں سے بھی سعودی عرب روانگی سے قبل ہی آگاہی حاصل کرکے اس کی تصدیق کروا سکیںگے،ای چینل کے ذریعے حجاج کرام کسی بھی سہولت کے حوالہ سے شکایت کی صورت میں اسکا اندراج کرا سکیںگے جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔