کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا نہ کبھی رہے گا پاکستان

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کیلیے یو این کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوگا، پاکستانی نائب مندوب.


Online/APP October 10, 2012
مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کیلیے یو این کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوگا، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائیگی، پاکستانی نائب مندوب. فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی اور دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کیلیے اقوام متحدہ کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوگا۔

مقبوضہ کشمیر کبھی بھارت کا اٹوٹ ا نگ رہاہے نہ ہی آئندہ رہے گا، بھارت کے زیرانتظام انتخابی عمل غیرجانبدار رائے شماری کا متبادل نہیں ہوسکتا،حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائیگی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مندوب رضا بشیر تارڑ نے جنرل اسمبلی کی کمیٹی برائے پولیٹیکل اینڈ ڈیکلونائزیشن سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کوتسلیم کیاجاچکاہے، پاکستان ان قراردادوں کی روشنی اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کاپرامن حل تلاش کرنے کیلیے پرعزم ہے۔

انہوںنے کمیٹی کوبتایاکہ جب وہی کمیٹی کا مقصد دنیا میں نوآبادیاتی نظام کاخاتمہ ہے تومسئلہ کشمیر کوکمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میںشامل نہ کرنے کا بھارتی موقف حقائق کوتسلیم نہ کرنے کے مترادف ہے اوراقوام متحدہ کی اور مسئلہ کشمیر کاحل تلاش کرنے تک نوآبادیاتی نظام کے خلاف یہ ایجنڈا مکمل نہیں ہوگا، انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردینے کو بلاجواز راگ قراردیتے ہوئے کہاکہ کشمیر نہ بھارت کاحصہ رہا اورنہ آئندہ رہے گا۔

کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹرکی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقدام علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستانی نائب مندوب نے کہاکہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی ایک آزاد خود مختار پرامن ریاست کے قیام اور اس کی اقوا متحدہ میں رکنیت کیلیے فلسطینیوں کی حمایت کرتاہے۔ دوسری طرف بھارتی نمائندے پرکاش گہنا نے کہاکہ پاکستانی موقف کے برخلاف جموں وکشمیر بھار کا اٹوٹ انگ ہے اور متنازعہ ریاست کے عوام جمہوری انتخابات کے ذریعے اپنی رائے دہی کا اظہار کر چکے ہیں۔

مقبول خبریں