مسابقتی کمیشن کا ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو10لاکھ روپے جرمانے کا انتباہ

کمپنیوں کوحکم دیا گیا کہ گزشتہ 3 سال میں تمام اہم روٹ پرتمام کیٹگریزکے بس ٹکٹ میں قیمت کے رجحان کے متعلق معلومات دیں


Business Reporter April 22, 2015
حکم کی عدم تعمیل پر10 روزکے بعد یومیہ 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا،معلومات انٹرسٹی بس سروس میں غیرمسابقتی سرگرمیوں کی انکوائری کے حوالے سے طلب کی گئیں فوٹو:فائل

مسابقتی کمیشن پاکستان نے مسابقتی ایکٹ 2010 کی شق 36 کے تحت ڈائیووپاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ، نیازی ایکسپریس اور کوہستان بس سروس کو معلومات فراہم کرنے کیلیے حکم جاری کر دیا ہے۔

یہ معلومات مسابقتی کمیشن کی جانب سے شہروں کے مابین بس سروس سیکٹر میں ممکنہ غیرمسابقتی سر گرمیوں پر جاری چھان بین کے لیے مطوب ہیں۔ یہ آرڈرزمسابقتی کمیشن کے ممبرکارٹلز، ٹریڈایب یوزز و لیگل اکرام الحق قریشی نے بس کمپنیز کو مسابقتی کمیشن کی طرف سے کئی بار معلومات کی فراہمی کیلیے دی گئی درخواستوں پر کوئی جواب نہ دینے پر جاری کیے۔کمپنیوں کو حکم دیا گیا کہ وہ گزشتہ 3 سال میں تمام اہم روٹ پر تمام کیٹگریز کے بس ٹکٹ میں قیمت کے رجحان کے متعلق معلومات دیں، کمپنیز کو 10 دن کے اندر مطلوبہ معلومات کی فراہمی کیلیے کہا گیا ہے۔

ان معلومات کی فراہمی میں نا کامی پر ان تینوں کمپنیز کومسابقتی ایکٹ کی شق 38 کے تحت عدم تعمیل کی بنا پر 10لا کھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے اور آخری تاریخ کے بعد عدم تعمیل کی صورت میں ہر روز10 لا کھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

مسابقتی کمیشن کو مسابقتی ایکٹ 2010کی شق 36 کے تحت یہ اختیا ر حاصل ہے کہ وہ کسی بھی کاروباری ادارے کو اس کی سر گرمیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی کیلیے کہہ سکے، ان معلومات میں اس اداراے کی تنظیم، حساب کتاب، کاروبار، منتظمین اور کسی دوسرے کاروباری ادارے سے تعلق ہونا شامل ہو سکتا ہے۔

 

مقبول خبریں