ورلڈ کپ کی فلاپ الیون آفریدی کامران اورعمرگل شامل

توقعات کا بوجھ نہ جھیل پانے والے بڑے پلیئرز میں آملا، گمبھیر اور پولارڈ بھی موجود


Sports Desk October 11, 2012
توقعات کا بوجھ نہ جھیل پانے والے بڑے پلیئرز میں آملا، گمبھیر اور پولارڈ بھی موجود۔ فوٹو فائل

شاہد آفریدی ، کامران اکمل اور عمرگل کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی'فلاپ الیون' میں شامل کرلیا گیا۔

ویب سائٹ 'کرک انفو' نے توقعات کا بوجھ نہ جھیل پانے والے بڑے پلیئرز میں ہاشم آملا، گوتم گمبھیر اورکیرون پولارڈ کو بھی رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویب سائٹ نے ایسے 11 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی جن کا ایونٹ سے قبل کافی چرچا تھا مگر وہ ورلڈ کپ میں بُری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ ان میں رچرڈ لیوی، گوتم گمبھیر، ہاشم آملا، جونی بیئراسٹو، کامران اکمل، کیرون پولارڈ، شاہد آفریدی، آندرے رسل، عمرگل، ٹم سائوتھی اور بریڈ ہوگ شامل ہیں،البائی مورکل کو 12 ویں کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔

آفریدی پوری کوشش کے باوجود بیٹنگ کا جادو جگانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، دو مرتبہ انھیں پہلی ہی گیند پر آئوٹ کی خفت سے دوچار ہونا پڑا، کیریئر کے دوران ان کی بولنگ میں کافی مستقل مزاجی رہی مگر سری لنکا میں ان کی یہ صلاحیت بھی کام نہیں آئی اور وہ فقط 4 وکٹیں ہی لے پائے۔ کامران اکمل نے بھارت کیخلاف وارم اپ میچ میں ناٹ آئوٹ 92 رنز بناکر باقی ٹیموں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجائی مگر ٹورنامنٹ شروع ہوتے ہی ان کی صلاحیتیں سو گئیں، 6 اننگز میں وہ صرف 6 بائونڈریز ہی جڑ پائے، وکٹ کیپنگ بھی مایوس کن رہی۔عمرگل نے اگرچہ جنوبی افریقہ کیخلاف سپر ایٹ رائونڈ میچ میں برق رفتار بیٹنگ سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا مگر وہ مختصر طرز کے انتہائی خطرناک بولر کی اپنی پہچان کی لاج نہیں رکھ پائے، پورے ایونٹ میں انھوں نے صرف 3 ہی وکٹیں حاصل کیں۔