ق لیگ پی پی کی عزت سانجھی ہے ماضی کی تلخیاں بھلادیں شجاعت پرویز الٰہی

ضمنی الیکشن میںکامیابی سےحالات ہمارےحق میںبدل جائینگے،ن لیگ نے تمام پیسہ جنگلہ بس سروس پرلگادیا،ورکرزکنونشن سےخطاب۔


News Agencies October 11, 2012
عوام کو اس اتحاد کی توقع نہیں تھی لیکن یہ مسلمہ حقیقت بن چکا ہے، قمرزمان کائرہ ، این اے 107 کے ضمنی الیکشن کا لائحہ عمل طے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر حلقہ این اے107 گجرات کا ورکرز کنونشن ہوا جس میں اس حلقے میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلیے لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔

کنونشن میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی وفاقی وزیر اطلاعات اور لالہ موسیٰ سے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کی۔ کنونشن میں این اے107 سے ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار رحمان نصیر، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، مسلم لیگ ق کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا، سرائے عالمگیر سے مسلم لیگی ایم پی اے چوہدری محمد ارشد، چوہدری لیاقت علی بھدر، چوہدری شاہد رضا اور بڑی تعداد میں رہنمائوں نے شرکت کی۔

شجاعت حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن سے دونوں پارٹیوں کااتحاد مزید مضبوط ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ محنت اور نیک نیتی سے مقابلہ کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارا اتحاد کامیاب نہ ہوسکے، ق لیگ پی پی کی عزت سانجھی ہے ماضی کی تلخیاں بھلادیں، ضمنی الیکشن میںکامیابی سے حالات بدل جائینگے۔

چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ نے تمام پیسہ لاہور میں جنگلہ بس سروس میں لگادیا ہے، تھانے اور حوالات کی سیاست سے عوام تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد نہ صرف اس الیکشن بلکہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا، ہم یہ الیکشن جیت کر مستقبل کی راہیں متعین کریں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ لوگوں کو اس اتحاد کی توقع نہیں تھی لیکن یہ اتحاد اب ایک مسلمہ حقیقت ہے، دونوں جماعتوں نے اکٹھے الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، این اے 107 سے مشترکہ امیدوار رحمان نصیر نے حلقہ کی نمائندگی ملنے پر پارٹی رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا ۔