وزیر خزانہ کا رمضان پیکیج

رمضان پیکیج گزشتہ برس دیے گئے پیکیج سے دس کروڑ روپے زیادہ ہے


Editorial May 02, 2015
مغربی ممالک میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں نصف بلکہ کئی اشیا کی قیمتیں نصف سے بھی کم کر دی جاتی ہیں۔ فوٹو : فائل

SAHIWAL: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ایک ارب 50 کروڑ روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی ہے جس پر عملدرآمد 16 جون سے ہو گا۔ یہ رمضان پیکیج گزشتہ برس دیے گئے پیکیج سے دس کروڑ روپے زیادہ ہے جس کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چند اشیا کی قیمتوں میں پانچ سے دس روپے تک کی کمی متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے موجودہ رجحان کے باوجود حکومت نے عوام کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر مسلم مغربی ممالک کے رواج کے برعکس کہ جہاں کرسمس وغیرہ کے تہواروں کے موقع پراشیائے ضرورت کی سیل لگائی جاتی ہے تا کہ کم آمدنی والے گھرانے بھی خوشیاں منا سکیں، ہمارے یہاں رمضان المبارک اور عیدین کے موقع پر مسلمان تاجر صارفین کو ریلیف دینے کے بجائے الٹا قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں اور ان متبرک دنوں کو سال بھر کی کمائی کا موقع تصور کرتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل، دالوں، چاول، چائے، دودھ اور مشروبات سمیت جن 18 اشیا کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے بہت ممکن ہے کہ ان میں سے بہت سی اشیا یوٹیلیٹی اسٹورز پر نظر ہی نہ آئیں بلکہ خفیہ طور پر کھلی منڈی میں پہنچ جائیں اور غریب لوگ پھر ریلیف سے محروم رہ جائیں۔

مزید براں یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں 5 روپے سے 10 روپے تک کی کمی کا ذکر کیا گیا ہے جو کہ نہایت معمولی کمی ہے یعنی سو دو سو روپے والی چیز پر پانچ دس روپے کی چھوٹ سے صارفین کو کچھ خاص ریلیف نہیں ملے گا۔ مغربی ممالک میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں نصف بلکہ کئی اشیا کی قیمتیں نصف سے بھی کم کر دی جاتی ہیں اور کچھ لوگ خریداری کے لیے سارا سال انتظار کرتے رہتے ہیں۔