اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے اتار چڑھاؤ199پوائنٹس کمی

انڈیکس33500 پر آگیا،1767کمپنیوں میں سے 695کے دام بڑھ گئے،982کے بھاؤ نیچے


Business Reporter May 10, 2015
5کاروباری دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں 3ارب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکسچینج گزشتہ ہفتے بھی شدید کاروباری اتار چڑھاؤ کی زد میں رہی اور ایک ہفتے کی ٹریڈنگ کے دوران34ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرجانے والا انڈیکس کاروباری ہفتے کے اختتام پر 33500پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

5کاروباری دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں 3ارب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز مایوس کن ہوا، انڈیکس پہلے دن34ہزار پوائنٹس کی بلند سطح عبور کر گیا لیکن اس سطح کو برقرا ر نہ رک سکا۔ اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 5کاروباری دنوں میں سے4دن مارکیٹ مندی کی زد میں رہی اور اس دوران انڈیکس اوپر جانے کے باوجود 505.3 پوائنٹس تک گھٹ گیا جبکہ ایک دن رونما ہونے والی تیزی کے سبب مارکیٹ میں 306پوائنٹس ریکور ہوئے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ بجٹ میں ٹیکس پالیسی کے حوالے سے سرمایہ کار تذبذ ب کا شکار ہیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے باعث پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ نئے ٹریگر کی عدم موجودگی کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے اور بازار حصص کی سرگرمیاں میں منجمد پڑی ہیں۔

ماہرین کے مطابق انڈیکس34ہزار پوائنٹس کے قریب ہے اس لیے مارکیٹ تکنیکی درستگی کا شکار ہے تاہم نئی سرمایہ کاری اور بازار حصص میں منافع بخش حصص کی خریداری میں تیزی سے مارکیٹ بلندیوں کی نئی سطح کو چھو سکتی ہے۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تاجمعہ کے ایس ای 100انڈیکس میں 199.66پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس 33729.96پوائنٹس سے کم ہوکر 33530.30پوائنٹس پر آگیا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 131.40پوائنٹس کی کمی سے 21579.85 پوائنٹس اور کے ایس ای ال شیئرز انڈیکس 23588.90 پوائنٹس سے گھٹ کر 23541.55پوائنٹس پر بند ہوا۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 3 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ 93 ہزار 591 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ73کھرب 5ارب 80 کروڑ 91لاکھ 70 ہزار 152روپے سے کم ہوکر 73 کھرب 2 ارب 52 کروڑ 40 لاکھ76ہزار 561 روپے پر آگیا۔

گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 21 کروڑ 46 لاکھ 24ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو11ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 15 کروڑ 98 لاکھ 40 ہزار حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو 8 ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1767کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 695کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 982 میں کمی اور 90 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔