دیامربھاشا ڈیم پر بنیادی ڈھانچے کا 35فیصد کام مکمل ہوگیا

باقی کام اور زمین کے حصول کامرحلہ 2013ء میں مکمل ہوگا،احمد مختارکی زیر صدارت اجلاس۔


APP October 13, 2012
ڈیم ملکی معیشت کیلیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،4500میگاواٹ سستی بجلی حاصل ہو گی. فوٹو: فائل

دیامربھاشاڈیم پربنیادی ڈھانچے کا 35فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔

زمین کے حصول کا مرحلہ 2013ء میں مکمل ہوجائے گا جبکہ وفاقی وزیرپانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ حکومت بڑے ڈیموں کی تعمیر کے لیے درکاروسائل کی فراہمی کی خاطر تمام آپشنزکواستعمال کرے گی۔ دیامربھاشاڈیم کی تعمیرکے منصوبے کاجائزہ لینے کے لیے یہاں وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نہ صرف بھاشا ڈیم ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ اس کی تعمیر سے زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی،تھرمل پیداوار پرانحصارکم اور 4500میگا واٹ سستی بجلی حاصل ہو گی، پانی کے ذخائر میں 8.1ملین ایکڑفٹ اضافہ ہو گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واپڈا، اقتصادی امورڈویژن اوروزارت پانی و بجلی ڈیم کی تعمیرکے لیے درکار مالی وسائل اورڈونرزکی طرف سے مالی معاونت سمیت تمام آپشن کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کریں تا کہ منصوبے پرعمل درآمد میں تاخیر نہ ہو۔قبل ازیں چیئرمین واپڈا راغب عباس نے منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔