پلے بیک گلوکاری کا کوئی ارادہ نہیں لائیو کنسرٹس کرنا پسند ہیں سوناکشی

پس پردہ گلوکاری کارسپانس فلم کی ریلیزکےبعد ملتا ہےجب کہ گلوکار کوکنسرٹ کےدوران ہی اپنی مقبولیت کاعلم ہوجاتا ہے،سوناکشی


Showbiz Desk June 11, 2015
اداکارہ کی فلم ’’اکیرا‘‘ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گئی جس میں ان کے ساتھ والد شتروگھن سنہا بھی ساتھ نظر آئیں گے۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا جو پریانکا چوپڑا عالیہ بھٹ اور شردھاکپور کے ساتھ ان اداکارائوں کے گروپ میں شامل ہوچکی ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کوبھی بطور پیشہ اپنارہی ہیں نے مستقبل میں بالی ووڈ فلموں کے لیے پلے بیک گلوکاری کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ لائیو کنسرٹس میں پرفارم کرنا پسند کرتی ہیں اور انھیں ہی ترجیح دیں گی ۔

یہ بات انہوں نے ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونیوالے 3 روزہ انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈ 2015 (ائیفا) میں لائیو پرفارمنس کے بعد بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، سوناکشی سنہا کا کہنا تھا میں نے ابھی تک فلموں کےلئے پلے بیک گلوکاری کے متعلق کچھ نہیں سوچا اور نہ ہی جلد ہی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے میرے نزدیک پلے بیک گلوکاری کا رسپانس فلم ریلیز ہونے کے بعد ملتا ہے جب کہ کنسرٹ کے دوران ہی کسی بھی گلوکار کو اس کی پرفارمنس پسند یا نا پسند کیے جانے کا اندازہ ہوجاتا ہے میں لائیو پرفارمنس سے خوش ہوتی ہوں اور مستقبل میں بھی کنسرٹس کرنا ہی پسند کروں گی ۔

واضح رہے کہ سوناکشی سنہا بھارتی چینل پر پیش کیے جانے والے گلوکاری کے مشہور پروگرام '' انڈین آئیڈل جونئیر میں جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں اس کے علاوہ وہ فلمساز اے آر مرگادوس کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم آکیرا میں کام کررہی ہیں جو اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر مرگادوس پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جانیوالی اس فلم میں سوناکشی کے ساتھ ان کے والد شترو گھن سنہا بھی نظر آئیں گے جب کہ کونکنا سین شرما ، ہدایتکار انوراگ کیشپ ،امیت سدھ اور رائے لکشمی بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں اطلاعات کے مطابق فاکس اسٹار اسٹوڈیو فلم ''اکیرا'' کو رواں برس کے آخر میں سینما گھروں کی زینت بنائے گا۔

مقبول خبریں