روہنگیا مسلمان مظلوم ترین قوم قرار

برما میں روہنگیا مسلمانوں پر جو ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اس پر انسانیت شرمندہ ہے


Editorial June 18, 2015
روہنگیا کے مظلوم اپنی ہی سرزمین میں بے آسرا اور غیر محفوظ ہیں عالمی برادری نہ صرف انھیں اس ظلم و ستم سے بچائے بلکہ ان مہاجرین کی بھی مدد کرے۔ فوٹو : فائل

WASHINGTON: برما میں روہنگیا مسلمانوں پر جو ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اس پر انسانیت شرمندہ ہے، ہر ملک اور پلیٹ فارم سے درد دل رکھنے والے افراد بلاتخصیص مذہب ان مظالم کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں، برطانوی جریدے اکانومسٹ نے بھی روہنگیا مسلمانوں کو سب سے زیادہ مظلوم قوم قرار دے دیا ہے۔ جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی حکمراں کئی بار آپریشن کرچکے ہیں جن میں لاتعداد افراد کو شہید اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

جان بچانے کے لیے ہزاروں روہنگیا مسلمان ادھر ادھر بھٹک رہے ہیں، لاتعداد خاندان پناہ کی تلاش میں ہیں، وہ افراد جو ان مظالم سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں وہ یا تو سمندر کی تیز لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں یا پھر انھیں تھائی لینڈ کی فوجی حکومت اور بنگلہ دیش کی حکومت کی نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ برطانوی تحقیقاتی ادارے انٹرنیشنل اسٹیٹ کرائم انیشیٹیو نے بھی روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کے سب سے زیادہ مظلوم افراد قرار دیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی کوششوں سے برما ایشو کو او آئی سی اجلاس کے ایجنڈا میں شامل کرلیا گیا، انھوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری سے روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم اور ان کی حالات زار کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے تجویز دی ہے کہ مسلم ممالک برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر کے سیکیورٹی کونسل کے صدر کو ارسال کریں، جس کے ساتھ یہ درخواست بھی کی جائے کہ اس قرارداد کو سیکیورٹی کونسل کی سرکاری دستاویز بنا کر تمام رکن ممالک میں ارسال کی جائے، قرارداد میں برما کے مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم اور منظم تفریق برتنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جائے۔

انھوں نے نیویارک میں او آئی سی کے اعلیٰ سفارتی سطح اجلاس میں یہ تجویز بھی دی کہ مسلم ممالک کی تنطیم کا نمایندہ وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون سے اس سلسلے میں ملاقات کر کے اپنے جذبات ان تک پہنچائے۔اجلاس میں پاکستانی سفیرنے بتایا کہ برما ایشو پر پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ایک خط بھی لکھا ہے ۔

جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میانمار کی حکومت پر اخلاقی و سفارتی دبائو ڈالے کہ روہنگیا کے مسلمانوں کے انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور ان پر کسی قسم کی ظلم و زیادتی کی جائے نہ ہی کوئی تفریق برتی جائے۔ روہنگیا کے مظلوم اپنی ہی سرزمین میں بے آسرا اور غیر محفوظ ہیں عالمی برادری نہ صرف انھیں اس ظلم و ستم سے بچائے بلکہ ان مہاجرین کی بھی مدد کرے جو اپنے وطن کو چھوڑ کر پڑوسی ممالک میں پناہ کے لیے چلے گئے ہیں۔