پاکستان فٹبال فیڈریشن میں اقتدار کی رسہ کشی جاری

اسپورٹس رپورٹر  پير 22 جون 2015
نئی صورتحال میں فیفا اور اے ایف سی مجھ سے مسلسل رابطے میں ہے، فیصل صالح حیات۔ فوٹو: فائل

نئی صورتحال میں فیفا اور اے ایف سی مجھ سے مسلسل رابطے میں ہے، فیصل صالح حیات۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کے قائم مقام صدر اور سیکریٹری نے فیفا ہاؤس لاہور میں اپنے عہدوں کا چارج سنبھال کر 30جون کو منعقد ہونے والے انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔

کرنل (ر) فراست علی کے مطابق انھوں نے برطرف سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی سے چار ج لینے کیلیے رابطہ کیا تووہ انکار کرتے ہوئے فیفا ہاؤس سے باہر چلے گئے، تاہم قوائد کے مطابق جب ایک عہدیداربرخواست ہوجاتا ہے تو اس عہدہ کا چارج خود بخود قائم مقام عہدیدار کے سپرد ہوجاتا ہے، اس طرح دونوں عہدیداروں نے آئینی وقانونی طریقے سے فیفا ہاؤس کا چارج لے لیا ہے۔کرنل (ر) فراست علی کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف کے انتخابات میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں انتہائی شفاف طریقے سے ہونگے اورکوئی بھی شخص ان پر انگلی نہیں اٹھاسکے گا۔

ادھر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے 30جون کوشیڈول انتخابات میں ظاہر شاہ کے حمایتی گروپ سابق جنرل سیکریٹری پاکستان فٹبال فیڈریشن حافظ سلمان بٹ، پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر رانا اشرف ،قائم مقام سیکرٹری پی ایف اے محمود خالد و دیگر نے کہا ہے کہ پی ایف ایف کی غیرمعمولی کانگریس کی طرف سے صدر فیصل صالح حیات کی معطلی اور جنرل سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کی برخواستگی کے بعد قائم مقام صدر ارشد لودھی اور قا ئم مقام سیکریٹری کرنل (ر) فراست علی نے آئینی و قانونی طریقہ سے فیفا ہاؤس کا چارج لیا ہے، اسلحہ کے زور پر فیفا ہاؤس پر قبضہ کرنے کا الزام بے بنیاد ہے، نتھیا گلی میں پی ایف ایف کے گھوسٹ انتخابات کی منصوبہ بندی کو ناکام بناتے ہوئے الیکشن کا انعقاد لاہور میں میڈیا کی موجودگی میں شفاف طریقے سے کیا جائے گا جس میں وہی ممبران ووٹ کاسٹ کریں گے جن کو آئین اجازت دیتا ہے۔

فیفا ہاؤس میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہاکہ اسلام آباد میں منعقدہ کانگریس کے اجلاس میں26 میں سے 19ممبران موجود تھے جنھوں نے ایجنڈے پر بحث کی اور فیصل صالح حیات کو کرپشن پر معطل اور کرپشن میں تعاون پر کرنل (ر) احمد یار لودھی کو برخواست کرتے ہوئے دونوں کو 7 یوم کے اندر اپیل کرنے کا موقع فراہم کیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ اگر دونوں عہدیدار اپیل کرنے میں ناکام رہے تو ان کے کیس ایف آئی اے کو بھجوادیے جائیں گے۔

دوسری جانب صدر پی ایف ایف مخدوم فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ فیفا ہاؤس پر قبضہ کے بعد فیفا اور اے ایف سی ان سے مسلسل رابطے میں اور پوچھ رہے ہیں کہ آگے کیا کرنا ہے، مخصوص گروپ پاکستان فٹبال پر انٹرنیشنل پابندی لگوانے کا خواہشمند ہے، جہاں تک ہو سکا پاکستان کو پابندی سے بچانے کی کوشش کروں گا۔انھوںنے یہ بات گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیکریٹری پی ایف ایف کرنل(ر) احمد یار لودھی اور صدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔