پاکستانی انجینئرنے شمسی توانائی سے چلنے والی کار بنالی

امان اللہ نے پٹرول ،ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا توڑنکال لیا۔


Monitoring Desk October 15, 2012
کار میں انجن کی ضرورت نہیں،سولر پینل، موٹر،بیٹری اورکنٹرولنگ ڈیوائس چاہیے. فوٹو: فائل

پاکستانی انجینئر امان اللہ سندھو نے پیٹرول،ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے نمٹنے کا توڑ نکال لیا۔

اسلام آباد کی سڑکوں پر فراٹے بھرتی کمانڈو جیپ پٹرول یا ڈیزل سے نہیں بلکہ مکمل طور پر سورج کی روشنی سے چلتی ہے۔ ایک ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے انجنیئر امان اللہ سندھو نے شمسی توانائی سے چلنے والی کار بنالی ہے جس میں انجن کی بھی ضرورت نہیں۔ اس گاڑی کو رواں رکھنے کے لیے صرف سولر پینل، موٹر،بیٹری اور ایک عدد کنٹرولنگ ڈیوائس کی ضرورت ہے۔

ابتدائی طور پر اس گاڑی کو صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ امان اللہ نے شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی تو ڈیزائن کر لی تاہم بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا قانون موجود نہ ہونے کے باعث انھیں مشکلات کا سامنا ہے۔ گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے حاصل ہونے والی شمسی توانائی گھریلو استعمال میں بھی لائی جاسکتی ہے۔