زرمبادلہ ذخائر میں51 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا اضافہ

3جولائی کو ختم ہفتے میں ذخائر18ارب71کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے


Business Reporter July 10, 2015
اسٹیٹ بینک نے بیرونی قرضوں ودیگرسرکاری ادائیگیوں کے لیے7کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھی دیے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی ایم ایف اور ملٹی و بائی لٹرل ذرائع سے بھاری انفلوز کے باعث پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 51 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جس کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی سطح ملکی تاریخ کی بلندترین سطح 18 ارب 71 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 3 جولائی کو ختم ہفتے میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 71 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیے گئے۔

اس دوران اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی جانب سے ای ایف ایف کی مد میں 506 ملین ڈالر سمیت ملٹی و بائی لٹرل ذرائع سے مجموعی طور پر 514 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 13 ارب 8 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 13 ارب 53 کروڑ 52 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 5ارب11کروڑ33لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 5 ارب 17 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کیے گئے، اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک نے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری ادائیگیوں کی مد میں 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھی دیے۔