قاسم آباد میں ترقیاتی اسکیموں پر کام شروع کرنے کی ہدایت

متعلقہ ایگزیکٹور اتھارٹیز ایک ہفتے میں اسکیموں کی فہرست جمع اور ایک ماہ میں آغاز کریں، چانڈیو


Numainda Express October 17, 2012
متعلقہ ایگزیکٹور اتھارٹیز ایک ہفتے میں اسکیموں کی فہرست جمع اور ایک ماہ میں آغاز کریں، چانڈیو۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے تمام متعلقہ ایگزیکٹیو اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر قاسم آباد اور اس سے ملحقہ علاقو ں میں ترقیاتی اسکیموں کی فہرست جمع کرائیں اور ان پر ایک ماہ کے اندر کام کے آغاز کو یقینی بنایا جائے۔

یہ ہدایات انھوں نے شہباز ہال، شہباز بلڈنگ میں ترقیاتی اسکیموں سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز قاضی شاہد پرویز، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احمد بخش ناریجو، جنرل سیکریٹری پی پی پی حیدرآباد سید فیاض شاہ، علی محمد سہتو اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز، ایچ ڈی اے، ایچ ڈی پی اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ضلع حیدرآبادکے کئی علاقے ایسے ہیں جنھیں نظر انداز کیا گیا جہاں سڑکو ں اور نکاسی آب کے نظام کی بری حالت ہے۔

انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی اس طرح فزیبلٹی رپورٹ تیار کریں جس سے سڑکوں کی تعمیر سے قبل نکاسی آب کی لائینیں ڈالی جا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری قاسم آباد کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ اسے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جا سکے۔ اجلاس میں پونم چوک قاسم آباد میں ٹریفک کے رش اور قاسم آباد کے داخلی راستے کو کشادہ کرنے کے لیے کئی تجاویز پر غور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں