آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کا المناک حادثہ

صدر ممنون حسین،وزیراعظم نوازشریف اوروفاقی وزیرداخلہ نے قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے


Editorial August 08, 2015
عسکری ذرایع کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ حادثہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔ فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے قریب آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر ایم آئی17 گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں5 میجروں سمیت12 افراد شہید ہو گئے، ہیلی کاپٹر راولپنڈی سے گلگت جا رہا تھا۔ یہ انتہائی افسوسناک حادثہ ہے جس پر قوم سوگوار ہے۔ عسکری ذرایع کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ حادثہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔ واضح رہے اسی دشوار گزار شمالی پہاڑی علاقے میں قبل ازیں بھی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں مہمان سفارتی افسران نشانہ اجل بن گئے تھے۔

اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس طرف کا علاقہ نہ صرف زمینی سفر بلکہ فضائی سفر کے لیے بھی بہت خطرناک ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ادھر جانے کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھا جائے یا پھر ایسے اسٹیٹ آف دی آرٹ طیارے یا ہیلی کاپٹرز استعمال کیے جائیں جو بگڑتے ہوئے موسم کا بھی مقابلہ کامیابی کے ساتھ کر سکیں بالخصوص ایسی صورت میں جب فضائی مسافروں میں اس اہم شخصیات شامل ہوں جیسے کہ آرمی افسران یا سفارتی حکام۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ہیلی کاپٹر میں آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف سوار تھے جو راولپنڈی سے زخمی فوجی کی طبی امداد کے لیے گلگت جا رہے تھے کہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر بھینگڑہ کے پہاڑ سے ٹکرا گیا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔

صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اس علاقے میں ہونے والے ہیلی کاپٹروں کے مختلف حادثات کے پیچھے تخریبی کارروائی کی افواہیں بھی سنی جاتی ہیں لہذا تحقیقاتی اداروں کو اس پہلو کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا۔