مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے

نوجوانوں کوٹنگڈار میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاگیا، کشمیر میڈیا سروس


APP August 10, 2015
فوجیوں نے علاقے میں 2رہائشی مکانات بھی مکمل طورپر تباہ جبکہ 3کو نقصان پہنچایاتھا۔ فوٹو: فائل

CHICAGO: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان نوجوانوں کوٹنگڈار میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔ بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل این این جوشی نے سری نگر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ جھڑپ ضلع کپواڑہ کے کرناہ سیکٹر میں کوپاگلی میں ہوئی جبکہ علاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے۔ ادھربھارتی فوجیوں کی طرف سے نوجوان کے قتل کے خلاف پلوامہ اورکاکہ پورہ کے قصبوں میں اتوار کو تیسرے روزبھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فوجیوں نے طالب احمد شاہ نامی نوجوان کوضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں جمعرات کو ایک پرتشدد آپریشن کے دوران شہید کردیا تھا۔

فوجیوں نے علاقے میں 2رہائشی مکانات بھی مکمل طورپر تباہ جبکہ 3کو نقصان پہنچایاتھا۔ پلوامہ اور کاکہ پورہ میں تمام دکانیں، کاروباری مراکزاور تعلیمی ادارے مسلسل تیسرے روزبھی بندرہے جبکہ علاقے میں بڑی تعدادمیں فورسزکو تعینات کیا گیا۔ اس دوران گھروں پرچھاپوں کے دوران درجن سے زائد نوجوان گرفتاربھی کرلیا گیا۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق کوشہید نوجوان کے اہلخانہ کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے کاکہ پورہ جانے سے روکنے کے لیے سری نگرمیں گھر میں نظربند کردیا۔