ایف بی آر کی نئی حکمت عملی تیار اسمگلنگ کے خلاف سندھ اور بلوچستان میں کریک ڈاؤن ہوگا

قانون نافذکرنےوالے اداروں کےسربراہان اورمحکمہ پولیس نےمحکمہ کسٹمزانفورسمنٹ ساؤتھ کےساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا،ذرائع


Ehtisham Mufti September 13, 2015
محکمہ کسٹمزکے انسداد اسملگنگ کے شعبوں میں تعینات کسٹمز افسران کی بھی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

محکمہ کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ نے چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پرانسداد اسمگلنگ کی نئی حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کے تحت سندھ اور بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ پولیس کے تعاون سے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ محکمہ کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ کے چیف کلکٹرزاہد کھوکھر نے انسداد اسمگلنگ کی پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حال ہی میں بلوچستان کا دورہ کرکے آئی جی فرنٹیئرکانسٹبلری جنرل شیرافگن اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد املیش کے ساتھ ہونے والے اجلاسوں میں بلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں سے ہونے والی اسمگلنگ پر قابوپانے کی حکمت عملی ترتیب دی جبکہ سندھ میں انسداد اسمگلنگ کے لیے ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر کے ساتھ اجلاس منعقدکرکے تعاون طلب کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے سربراہان اور محکمہ پولیس نے محکمہ کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹمزانفورسمنٹ ساؤتھ کی گزشتہ ایک ماہ سے جاری انسداد اسمگلنگ مہم کی وجہ سے اسمگلنگ کے اوسطایومیہ 6 کیسزسامنے آرہے ہیں جس کے باعث ایران اور افغانستان سے مصنوعات کی اسمگلنگ کرنے والے عناصر کی نہ صرف کمرٹوٹ گئی ہے بلکہ اس امر کی بھی نشاندہی ہورہی ہے کہ کلکٹرانفورسمنٹ بلوچستان اور انکی ٹیم کی کارکردگی بھی حوصلہ افزا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انسداد اسمگلنگ کی سخت مہم کے سبب بلوچستان سے متصل افغانستان کے سرحدی علاقوں میں800 مال سے لدے کنٹینربردارایسے ٹرکس طویل دورانیے سے کھڑے ہیں جن میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت افغانستان کے لیے مصنوعات درآمد کی گئی ہیں اور انہوں نے اپنے کسٹم کلیئرنگ ایجنٹوں کے توسط سے کسٹمزانفورسمنٹ ساؤتھ کومطلوبہ ڈیوٹی وٹیکسوں کی ادائیگیوں کے عوض پاکستان میں دوبارہ داخل ہونے کی پیشکش کی ہے لیکن محکمہ کسٹمز نے ان کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں تعینات ہونے والے چیف کلکٹرانفورسمنٹ ساؤتھ نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت نہ صرف اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے بلکہ محکمہ کسٹمزکے انسداد اسملگنگ کے شعبوں میں تعینات کسٹمز افسران کی بھی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

مقبول خبریں