گھیراؤ جلاؤ کسی کے مفاد میں نہیں

کراچی میں گزشتہ روز کاروباری و تجارتی مراکز کھلے رہے اور ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی


Editorial September 14, 2015
کراچی میں امن سب کی ترجیح ہونی چاہیے، گھیراؤ جلاؤ یا تصادم کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ فوٹو : فائل

PITTSFORD: کراچی میں گزشتہ روز کاروباری و تجارتی مراکز کھلے رہے اور ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔جب کہ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ہڑتال کامیاب رہی۔ متحدہ نے گزشتہ روز یوم سوگ اور ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ اخباری اطلاعات کے مطابق کراچی میں بڑی مارکٹیں، بیشتر علاقوں میں دکانیں اور کاروبار کھلا رہا تاہم کئی علاقوں میں دکانیں بند بھی نظر آئیں۔ تاہم شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ حیدرآباد میں پولیس نے جلاؤ گھیراؤ، دھمکیاں دیکر زبردستی دکانیں بند کرانے اور فائرنگ کرنے کے الزام میںکچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا۔

ترجمان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ، میرپورخاص، سکھر اور خیرپور کے پرامن شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنھوں نے ہڑتال کی کال کو مسترد کردیا جب کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے بیان میں یوم سوگ منانے پر کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جہاں تک پر امن احتجاج کا تعلق ہے تو یہ ایک آئینی حق ہے مگر ملک کے سب سے بڑے شہر کو مکمل طور پر بند کرا دینے سے کتنا نقصان ہوتا ہے اس کا مداوا کیسے ہوگا اور پھر وہ ہزاروں لاکھوں دیہاری دار محنت کش جن کے گھر رات چولہا نہیں جلتا، اس کے بارے میں بھی سب کو سوچنا چاہیے۔ بہر حال معاملہ خواہ کچھ بھی ہو' کراچی میں امن سب کی ترجیح ہونی چاہیے' گھیراؤ جلاؤ یا تصادم کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔