پاک بھارت فلیگ میٹنگ میں سرحدی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق

پونچھ سیکٹر کشمیرکے کراسنگ پوائنٹ پربریگیڈ کمانڈر سطح کی ملاقات میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بات چیت


News Agencies September 22, 2015
پاکستان، چین سے بہتر تعلقات کے بغیر بھارت اور خطے میں میں ترقی نہیں ہو سکتی، سرحد پار دراندازی، دہشت گردی بند ہونا چاہیے، راجناتھ سنگھ فوٹو : فائل

پاکستان اور بھارت نے سرحدوں پر کشیدگی میں کمی کیلیے اقدامات اور صبروتحمل کا مظاہر ہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کو جموں وکشمیر کے پونچھ سیکٹر میں چاکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں حالیہ سرحدی کشیدگی اور سیز فائرکی خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی۔

بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ نے بتایا کہ فلیگ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور سرحدی کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صورتحال میں بہتری لانے کیلیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

فلیگ میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں بھارت کی جانب سے بریگیڈیئر ایچ ایس سرین اور پاکستان کی جانب سے بریگیڈیئرعثمان نے نمائندگی کی۔ دونوں ممالک کے درمیان20 روز تک کنٹرول لائن پر شدیدکشیدگی اور فائرنگ کے واقعات کے بعد یہ پہلی بریگیڈیئرسطح کی فلیگ میٹنگ ہے۔ بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فلیگ میٹنگ سے دونوںممالک کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان اچھا توازن ہونا چاہئے۔

ادھر بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان اور چین کی سرحدوں کے قریب اپنے تین روزہ دورے کے دوران کہا کہ بھارت پاکستان کیساتھ بہتر تعلقات کا خواہشمند ہے اور بہتر تعلقات استوار کیے جا سکتے ہیں۔ دونوں اطراف کو آگے آنا چاہئے، بھارت پہل کرنے کو تیار ہے، سرحد پار دراندازی اور دہشت گردی بند ہونا چاہیے۔ ایشیا کے خطے اور بھارت میں ترقی اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک پاکستان اور چین کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوجاتے۔

مقبول خبریں