بنگال ٹائیگرز کے دورہ پاکستان کی امیدیں پھر سے روشن

لازمی طور پر ٹور کا بندوبست کروں گا، آئی سی سی کو بھی اس سلسلے میں ہمیں کافی مدد فراہم کرنا ہوگی، نومنتخب بورڈ صدر


Sports Desk October 21, 2012
لازمی طور پر ٹور کا بندوبست کروں گا، آئی سی سی کو بھی اس سلسلے میں ہمیں کافی مدد فراہم کرنا ہوگی، نومنتخب بورڈ صدر فوٹو: اے ایف پی/فائل

بنگال ٹائیگرز کے دورہ پاکستان کی امیدیں پھرسے روشن ہونے لگیں، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نئے صدر نظم الحسن پپن نے اپنے دور میں قومی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا عزم ظاہر کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں لازمی طور پر اس ٹور کا بندوبست کروں گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی اس سلسلے میں ہمیں کافی سپورٹ فراہم کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر مصطفیٰ کمال نے پی سی بی سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا وعدہ کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوسکا، اب ان کی جگہ بنگلہ دیشی بورڈ کے نئے صدر مقرر ہونے والے نظم الحسن پپن نے بھی یہی عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے گذشتہ روز باضابطہ طور پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا نائب صدر بننے کے بعد بی سی بی کی صدارت سے الگ ہونے والے مصطفیٰ کمال نے بورڈ ہیڈ کوارٹر میں نظم الحسن کا استقبال کیا اور ان کا ڈائریکٹرز سے تعارف کرایا۔

اس موقع پر پانچ گھنٹے طویل میٹنگ ہوئی جس کے پہلے حصے کی صدارت مصطفیٰ کمال نے کی اور پھر انھوں نے ناظم الحسن کو اپنی سیٹ پر بٹھایا۔ نظم الحسن بنگلہ دیشی صدر ظل الرحمان کے بیٹے ہیں۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے واضح کیا کہ وہ یقینی طور پر اپنے دور میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجیں گے، انھوں نے کہا کہ اس وقت کئی ایسے معاملات ہیں جنھیں مجھے دیکھنا ہے، ان میں دورئہ پاکستان بھی شامل ہے، میں یقینی طور پر ٹیم کو وہاں بھیجنے کی کوشش کروں گا اس کے ساتھ مجھے یہ بھی امید ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہمیں اس سلسلے میں بہت زیادہ مدد فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ مصطفیٰ کمال نے آئی سی سی کا نائب صدر نامزد کرنے کی خاطر پاکستان کو ٹیم بھیجنے کی آفر کی اور دو میچز کیلیے ٹیم بھیجنے کا اعلان تک کردیا تھا، مگر پھر ڈھاکا میں دائر ہونے والی ایک درخواست پر اس ٹور کیخلاف اسٹے آرڈر جاری کردیا گیا جس کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ وہ نئے صدر کو بھی پاکستان ٹیم بھیجنے کی سفارش کریں گے۔ ناظم الحسن نے اپنی ٹیم کے دورئہ بھارت کے حوالے سے کہا کہ کئی ٹیمیں وہاں جانا چاہتی ہیں اس لیے بی سی سی آئی کو بنگال ٹائیگرز کی میزبانی پر راضی کرنا تھوڑا مشکل ہے، البتہ ہمیں پورا یقین ہے کہ مصطفیٰ کمال آئی سی سی میں ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اس سلسلے میں اپنا اثررسوخ استعمال کریں گے۔

مقبول خبریں