کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے باعث 59پوائنٹس گرگئے

انڈیکس32822 پر آگیا،45 فیصد حصص کے دام نیچے،انویسٹرزکے3 ارب24 کروڑڈوب گئے


Business Reporter September 24, 2015
ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طورپر75 لاکھ89 ہزار251 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

سرمایہ کاروں کم دلچسپی اور عیدالاضحی کی تعطیلات کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی کاروباری سرگرمیاں انتہائی محدود رہیں اور غیرملکیوں سمیت کچھ مقامی شعبوں کی فروخت بڑھنے سے مارکیٹ مندی کے زیراثر رہی۔ مندی کے باعث 45.45 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے3 ارب24 کروڑ81 لاکھ59 ہزار539 روپے ڈوب گئے۔

محدود سرگرمیوں کی وجہ سے کاروباری حجم بدھ کو بھی محدود رہا جومنگل کی نسبت5 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ2 لاکھ28 ہزار40 حصص کے سودے ہوئے۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر صرف1.52 پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی لیکن فروخت کا رحجان غالب ہونے کے سبب مارکیٹ میں مزید تیزی رونما نہ ہوسکی بلکہ مندی کے اثرات غالب ہوئے۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طورپر75 لاکھ89 ہزار251 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے1 لاکھ62 ہزار985 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے4 لاکھ96 ہزار405 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے5 لاکھ84 ہزار501 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 46 لاکھ56 ہزار185 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے11 لاکھ14 ہزار664 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس59.18 پوائنٹس کی کمی سے32822.84 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 71.64 پوائنٹس کی کمی سے19661.50 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 144.29 پوائنٹس کی کمی سے 54739.69 ہوگیا۔

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار341 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں163 کے بھاؤ میں اضافہ، 155 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں انڈس ڈائنگ کے بھاؤ51.51 روپے بڑھ کر1259 روپے اور سروس انڈسٹری کے بھاؤ 30.04 روپے بڑھ کر781.04 روپے ہوگئے جبکہ آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ41.74 روپے کم ہوکر 793.25 روپے اور سفائر فائبرز کے بھاؤ21.70 روپے کم ہوکر750.64 روپے ہوگئے۔