مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کا عزاداروں کے جلوسوں پر وحشیانہ تشدد40زخمی

میر واعظ عمر فاروق کی آج بعد نماز جمعہ مظاہرے کی اپیل


News Agencies October 23, 2015
سری نگر کے علاقوں شہید گنج اور بٹہ مالو میں تشدد کیا گیا، کئی حریت رہنما نظربند، علی گیلانی شہید زاہد رسول کے گھر جارہے تھے کہ گرفتار ہو گئے۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے عزاداروں کے جلوسوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کر کے40 افراد کو زخمی جبکہ سید علی گیلانی سمیت سیکڑوں کو گرفتار کر لیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سری نگر کے علاقوں شہید گنج اور بٹہ مالو سے جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے رہنماؤں سید مظفر رضوی اور سید یوسف رضوی کی قیادت میں نکلنے والے محرم الحرام کے جلوسوں پر دھاوا بول کر40 افراد کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے سید مظفر رضوی اور سید یوسف رضوی سمیت سیکڑوں عزا داروں کو گرفتار کر کے شہید گنج، کاکہ سرائے اور دیگر تھانوں میں نظر بند کر دیا۔

دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں وکشمیر اتحاد مسلمین کے سرپرست مولانا عباس انصار ی اور چیئرمین مسرور عباس انصاری کو محرم الحرام کو جلوسوں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں میں مسلسل نظر بند کر رکھا ہے۔ بھارتی فورسز نے تحریک وحدت اسلامی کی طرف سے بٹہ مالو سے نکالے جانے والے ایک ماتمی جلوس کوبھی سیکریٹریٹ کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نثار حسین راتھر اورسید امتیاز حیدرسمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔

قابض پولیس نے جمعرات کے روز ہندو انتہا پسند کے ہاتھوں شہید ہونے والے زاہد رسول بٹ کے اہل خانہ سے ملنے کی کوشش پر حریت رہنما سید علی گیلانی کو گرفتار کرلیا۔ گیلانی کو سیکیورٹی فورسز کی جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنے گھر سے نکلے وقت گرفتار کیا گیا جبکہ انھیں ہم ہاما پولیس اسٹیشن سری نگر میں رکھا گیا ہے۔

انھوں نے کشمیر کے اسلام آباد کے قریب بوٹنگو تک مارچ کی کال دی تھی۔ بھارتی حکام نے سری نگر میں مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے کرفیو لگا رکھا ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیرمیں اے پی ایچ سی کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے کشمیریوں کے قتل، مقبوضہ علاقے کی سنگین سیاسی صورتحال ، حریت قیادت کے خلاف بدترین سرکاری دہشت گردی ،بلا جواز گرفتاریوںاور دیگر مظالم کے خلاف آج بعد نماز جمعہ تاریخی جامع مسجد سری نگر میں ایک پر امن احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں