روئی کی قیمت رواں سیزن میں پہلی بار5800روپے من ہوگئی

سوتی دھاگے اورگرے کلاتھ کی درآمد پرڈیوٹی لگنے سے قیمتیں مزیدبڑھنے کا امکان


Business Reporter October 31, 2015
سوتی دھاگے اورگرے کلاتھ کی درآمد پرڈیوٹی لگنے سے قیمتیں مزیدبڑھنے کا امکان فوٹو : فائل

روئی اورپھٹی کی قیمتوںمیں گزشتہ روز اضافہ ہوا اور مختلف شہروں میں روئی کی قیمتیں 100روپے کے اضافے سے جاری سیزن کی نئی بلند ترین سطح 5ہزار800روپے من پرپہنچ گئیں جبکہ سوتی دھاگے اورگرے کلاتھ کی درآمد پریکم نومبرسے 10فیصدریگولیٹری ڈیوٹی لگنے سے قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرزفورم احسان الحق نے بتایاکہ روپے کے مقابلے میں ڈالرکی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث روئی کی برآمد میں اضافے اور درآمدمیں کمی کے باعث گزشتہ ہفتے سے قیمتوںمیں اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے تاہم 3 نومبرکوکاٹن جنرزایسوسی ایشن کی جانب سے فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد کے اعدادوشمار جاری ہونے کے بعد رواں سال کپاس کی مجموعی پیداوار کے حوالے سے صورتحال مزید واضح ہوگی اور اسی ڈیٹا کی بنیاد پر قیمتوں کی سمت کا تعین بھی ہو گا۔

انھوں نے کہاکہ 31 اکتوبر 2015 تک کپاس کی پیداوار67 لاکھ گانٹھ رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت تک جننگ فیکٹریوں میں 83لاکھ 82 ہزار بیلز آئیں تھی۔