حصص مارکیٹ میں پھرمندی کے باعث71پوائنٹس کی کمی

کاروباری حجم 2 فیصد زائد رہا اور19 کروڑ 62 لاکھ حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter October 31, 2015
، کاروباری حجم 2 فیصد زائد رہا اور19 کروڑ 62 لاکھ حصص کے سودے ہوئے فوٹو: آئی این پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں دوروزہ تیزی کے بعد پرافٹ ٹیکنگ کے سبب جمعہ کو اتار چڑھائو کے بعددوبارہ مندی کے اثرات غالب رہے جس سے سرمایہ کاروں کے3 ارب53کروڑروپے ڈوب گئے۔

کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز نے 49 لاکھ35 ہزارڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ انفرادی سرمایہ کاروںنے39 لاکھ اور بروکرز نے10 لاکھ26 ہزارڈالرکا انخلا کیا اور مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی۔

جس کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 70.82 پوائنٹس کمی سے34261.61 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 31.62 پوائنٹس گھٹ کر20417.39 اور کے ایم آئی30 انڈیکس380.92 پوائنٹس کمی سے 57362.34 ہو گیا، کاروباری حجم 2 فیصد زائد رہا اور19 کروڑ 62 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار376 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں142 کے بھائو میں اضافہ، 213 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔