کپتان نے شرمناک شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا

انگلینڈ کیخلاف میچ میں میرے جلد آؤٹ ہونے سے بیٹنگ لائن تباہ ہوئی، اظہر علی


Sports Desk November 15, 2015
 پہلے ون ڈے میں فتح سے سہل پسندی کا شکارنہیں ہوئے تھے، سیریز جیت سکتے ہیں، اظہر۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستانی کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میں شرمناک شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ کے ہاتھوں 95 رنز کے بھاری مارجن سے ناکامی ہوئی، جس سے چار میچز کی سیریز اب 1-1 سے برابر ہوچکی، کامیابی کیلیے پاکستان ٹیم کو باقی دونوں مقابلے جیتنا ہوں گے۔ کپتان اظہر علی نے کہاکہ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ہم سہل پسندی کا شکار نہیں ہوئے تھے، ہم نے حریف سائیڈ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا جبکہ وہ 330 رنز سے بھی زیادہ کا ارادہ کیے بیٹھی تھی، ہم اب بھی یہ سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام کھلاڑی اس مقصد کے حصول کیلیے سخت فائٹ کریں گے۔

اظہر علی نے 284 رنزکے تعاقب میں اپنی ٹیم کے 188 رنز پر ڈھیر ہونے کا ذمہ دار خود کو ٹھہرایا، وہ 22 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے، ان کا کہنا ہے کہ میں خود ذاتی طور پر اس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ میں اچھا آغاز نہیں کرپایا جس سے باقی آنے والے پلیئرز پر دباؤ بڑھ گیا۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں انگلش ٹیم واقعی بہت اچھا کھیلی، ہمیں اس کی توقع بھی تھی، ہمارے بولرز کی کارکردگی کافی بہتر رہی، ایک موقع پر محسوس ہورہا تھا کہ حریف سائیڈ 300 سے زائد رنز بنالے گی مگر انھیں اس ٹوٹل تک محدود کیا جو ہمیں لازمی طور پر حاصل کرنا چاہیے تھا۔

مقبول خبریں