پڑوسی ملک کی فلموں سے مقابلہ درست اپنوں کو نیچا دکھانا مناسب نہیں نور

وحیدمراد، ندیم، بابرہ شریف، شبنم اوردیگرعظیم فنکاروں نے پاکستان فلم انڈسٹری کا نام روشن کیاان پر تنقید ٹھیک نہیں


Qaiser Iftikhar November 20, 2015
فلم انڈسٹری بحال ہورہی ہے،ایک دوسرے پربازی لیجانے کی بات کرنے والے جان لیں کہ بٹوارے سے فائدہ نہیں ہوگا فوٹو: فائل

فلم اسٹار نور نے کہا ہے کہ مقابلہ اپنوں سے نہیں مخالفین سے کیا جاتا ہے۔ پڑوسی ملک کی فلموں سے مقابلہ درست ہے لیکن اپنوں کونیچا دکھانا مناسب نہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کا عمل بہت کامیابی سے شروع ہوا لیکن ایک دوسرے پربازی لیجانے کی بات کرنے والے یہ سوچ لیں کہ بٹوارے سے فائدہ نہیں صرف نقصان ہوتا ہے۔

فلم اورٹی وی کے شعبوں سے وابستہ لوگ مل کرکام کرینگے تواس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ نوجوان فلم میکرز بہترین کام کر رہے ہیں جب کہ ہمارے سینئرز ڈائریکٹر بھی اچھی فلمیں بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار نور نے گزشتہ روز''ایکسپریس''سے کیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے ہاں ٹی وی پروڈکشن سے تعلق رکھنے والوں نے فلمیں پروڈیوس اورڈائریکٹ کی ہیں اورنوجوان فنکاروں نے بھی عمدہ کام کیا، جوبہت خوش آئند بات ہے۔

میں اس پربے حد خوش ہوں کیونکہ پاکستان فلم انڈسٹری پھر سے اپنے قدموں پرکھڑی ہورہی ہے لیکن کچھ لوگ اس کامیابی کومقابلے بازی اوربرتری کا نام دے رہے ہیں۔ ہمارے ہاں ماضی میں جن فنکاروں نے کام کرتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کا نام روشن کیا ، اس کی خدمات کونہ سراہا جانا درست نہیں ہے۔ فلم اسٹاروحیدمراد، ندیم، بابرہ شریف، شبنم اوردیگرنے جس طرح سے اپنی اداکاری سے فلم کوایک اعلیٰ مقام دلوایا ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ لیکن ان عظیم فنکاروں کی خدمات کواب دبے لفظوں تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

یہ سب ٹھیک نہیں ہے،ہمیں اگر مقابلہ کرنا ہے توپڑوسی ملک سے کریں، فی الحال توہمیں صرف اچھی اورمعیاری فلمیں بنانے پرتوجہ دینی چاہیے ، تاکہ بحران کا خاتمہ ہو اورانڈسٹری آباد ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں نور نے کہا کہ میری فلم ''عشق پوزیٹو''کا آخری سپیل جلد شروع ہوگا اورہم آئندہ ماہ میں اپنی تمام ترشوٹنگ مکمل کرلیں گے۔ جہاں تک فلم کے میوزک کی بات ہے تو ہم نے اس پربہت کام کیا ہے، میں یہ بات بخوبی جانتی ہوں کہ ایک فلم کی کامیابی میں میوزک کا کتنا عمل دخل ہوتا ہے۔ میں نوجوان فلم میکرز کویہ مشورہ بھی دینا چاہوں گی کہ وہ اپنی فلموں کے میوزک پر خاص توجہ دیں۔