تاجروں نے بدامنی کیخلاف پٹیشن دائرکرنے کا فیصلہ کرلیا

بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ بڑھی ہے،ہڑتال احتجاجی پالیسی کا آخری حصہ ہے


Ehtisham Mufti October 25, 2012
ٹرن اوور30فیصد گھٹ گیا،گیس اور بجلی کے بحران پر بھی قابو نہیں پایا گیا،شمیم فرپو

کراچی چیمبر آف کامرس نے شہر میں امن وامان کی بہتری اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرانے کیلیے رواں ہفتے پٹیشن دائرکرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جس کے لیے سینئرقانونی مشیرکی خدمات حاصل کی جائے گی،یہ بات کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدرشمیم فرپو نے ''ایکسپریس'' کے استفسار پر بتائی،انھوں نے بتایا کہ قانونی ماہرین کے ذریعے ابتدائی طور پٹیشن کے مسودے کو مرتب کیا جارہا ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ عدلیہ میں پٹیشن دائر کرنا کراچی چیمبر کے احتجاجی پالیسی کا دوسرا مرحلہ ہے جبکہ پہلے مرحلے میں پیر22 اکتوبر سے شہر بھرکے تجارتی مراکز کے اطراف میں بدامنی ولاقانونیت کے خلاف سیاہ احتجاجی بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں،شمیم فرپو نے بتایا کہ کراچی چیمبر کے اکابرین اورچیمبرسے منسلک تجارتی وصنعتی انجمنیں ہڑتال کو اگرچہ ناپسندیدہ عمل تصورکرتے ہیں لیکن حکومتی سطح پر طویل دورانیے سے حالات بہتر بنانے اورمستقل بنیادوں پرامن بحال کرنے کی ان گنت یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات کے فقدان نے تاجربرادری کی مایوسی میں اضافہ کیا ہے۔

لہٰذا کراچی چیمبر کے اکابرین نے تاجربرادری کے بڑھتے ہوئے دبائو پر مجبورا شٹرڈائون ہڑتال کو اپنی احتجاجی پالیسی کا آخری حصہ بنایا ہے،انھوں نے بتایا کہ گذشتہ کئی سالوں سے شہر میں توانائی کے بدترین بحران نے تجارت وصنعتی شعبے کمرپہلے ہی توڑدی تھی لیکن شہرمیںٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اوردیگر جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے عوام کے ساتھ تاجروں میں بھی خوف وہراس کے تاثر کو پھیلادیا ہے یہی وجہ ہے کہ شہر میں تجارتی شعبے کا یومیہ ٹرن اوور30فیصد گھٹ گیا جبکہ صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں35 تا40 فیصدمتاثرہوئی ہیں۔

مقبول خبریں