اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا پرامن انعقاد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد انتہائی مثبت پیش رفت ہے


Editorial December 02, 2015
امید کی جانی چاہیے کہ 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن بھی پرامن ہوں گے۔ فوٹو : فائل

وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین یونین کونسل کی کل 50 نشستوں میں سے 21حاصل کر کے برتری حاصل کر لی، تحریک انصاف نے 15جب کہ آزاد امیدواروں نے14نشستیں جیتیں۔ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، عوامی تحریک، جے یو آئی کو کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں میں پولنگ کا عمل پرامن رہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد انتہائی مثبت پیش رفت ہے' اب سرکاری ملازموں کا یہ شہر بھی جمہوری نظام کا حصہ بن گیا ہے اور یہاں باقاعدہ بلدیاتی ادارے وجود میں آ جائیں گے۔

اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن جس طرح پرامن ماحول میں ہوئے، اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ اگر انتظامیہ اور سیاسی جماعتوں کے قائدین اور امید واراپنے اپنے دائرہ کار میں رہیں اور اشتعال انگیز اور قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں تو پولنگ کے عمل کو پرامن بنانا مشکل کام نہیں ہے، امید کی جانی چاہیے کہ 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن بھی پرامن ہوں گے۔