پاکستان سے کروڑوں روپے کی یوریا اور سیمنٹ سمیت دیگر اشیا کے افغانستان اسمگل ہونے کا انکشاف

طورخم پرچیکنگ،گاڑی سے یوریاوسیمنٹ نکلی،غیرقانونی طورپرافغانستان بھیجا جا رہا تھا


Irshad Ansari December 03, 2015
یوریا کی 375 بوریاں قبضے میں لے کر ڈرائیور کوگرفتارکرلیاگیا فوٹو : فائل

پاکستان سے کروڑوں روپے کی یوریا اور سیمنٹ سمیت دیگر اشیا کے افغانستان اسمگل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس ضمن میں کسٹمز اور خیبر پختونخوا کی پولیٹیکل انتظامیہ نے سیمنٹ اور فرٹیلائزر افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور افغانستان کے راستے پاکستان اسمگل ہونے والے لاکھوں روپے کے غیرملکی موبائل فون بھی پکڑ لیے۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رپورٹ بھجوائی گئی کہ مخبری کی بنیاد پر پولیٹیکل انتظامیہ نے ٹرالر رجسٹریشن نمبر کے بی ایل 26363 کوکسٹمز اسٹیشن طورخم پر چیکنگ کے لیے روکا تو ڈرائیور نے اسے سیمنٹ کابرآمدی کنسائنمنٹ ظاہر کیااوربتایا کہ وہ افغانستان لے کر جارہا ہے مگر چیکنگ کی تو ٹرالر کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں چھپائی گئی یوریا نکلی۔ دستاویز کے مطابق سیمنٹ بھی غیرقانونی طور پر افغانستان لے جائی جا رہی تھی،برآمدی کاغذات بھی نہیں تھے۔

یوریا کی 375 بوریاں قبضے میں لے کر ڈرائیور کوگرفتارکرلیاگیا۔ دستاویز کے مطابق دوسری کارروائی میں کسٹمز اسٹیشن طورخم پر افغانستان سے آنے والے ٹرالر نمبر کے بی ایل 37571 کی چیکنگ کی گئی تو 8 لاکھ روپے سے زائدکے قیمتی غیرملکی موبائل فون سیٹ اوردیگر سامان نکلا جو غیرقانونی طور پر پاکستان لانے کی کوشش کی جا رہی تھی،کسٹمز حکام نے سامان ضبط کرکے ایڈجوڈیکیشن کیلیے کیس بھجوادیا۔ حکام نے رابطہ کرنے پربتایا کہ یہ انسداد اسمگلنگ کے ساتھ امن و امان کے لیے بھی اہم پیشرفت ہے،مزید تحقیقات جاری ہے۔

مقبول خبریں