حصص مارکیٹ میں نچلی قیمتوں پرخریداری سے146پوائنٹس ریکور

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 19.79 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ53 لاکھ97 ہزار760 حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter December 08, 2015
کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 19.79 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ53 لاکھ97 ہزار760 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

پرامن بلدیاتی انتخابات اور نچلی قیمتوں پر مقامی شعبوں کی خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کواتارچڑھاؤ کے باوجود تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی32800 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی۔

تیزی کے باعث51.64 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 11 ارب14 کروڑ47 لاکھ71 ہزار224 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر302.31 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی33000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد اگرچہ بحال ہوگئی تھی لیکن غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر36 لاکھ79 ہزار774 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے تیزی 113.66 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی لیکن اس دوران میوچل فنڈز کی جانب سے17 ہزار540 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے10 لاکھ38 ہزار824 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 13 لاکھ64 ہزار478 ڈالر،دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے7 لاکھ78 ہزار606 ڈالراوربروکرز کی جانب سے4 لاکھ80 ہزار327 ڈالر کی سرمایہ کاری نے مندی کے اثرات زائل کر دیے اور مارکیٹ میں دوبارہ تیزی رونما ہوئی ۔

جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس145.63 پوائنٹس کے اضافے سے 32853.54 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس46.19 پوائنٹس بڑھ کر 19246.25 ، کے ایم آئی30 انڈیکس 520.85 پوائنٹس اضافے سے 54948.30 اور آل شیئر اسلامک انڈیکس 113.05 پوائنٹس کے اضافے سے 15311.86 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 19.79 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ53 لاکھ97 ہزار760 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار335 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں173 کے بھاؤ میں اضافہ، 142 کے داموں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔