’’نئے ٹیلنٹ کی تلاش‘‘ کے نام پر سلیکٹرزکا تفریحی ٹورجاری

قائد اعظم ٹرافی چھوڑ کر انگلینڈ لائنز کیخلاف اے ٹیم کے میچزدیکھنے دبئی میں مقیم


Sports Reporter/Abbas Raza December 10, 2015
قائد اعظم ٹرافی چھوڑ کر انگلینڈ لائنز کیخلاف اے ٹیم کے میچزدیکھنے دبئی میں مقیم فوٹو: فائل

نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے نام پر سلیکٹرز کا تفریحی دورہ یواے ای جاری ہے، ملک میں قائد اعظم ٹرافی چھوڑ کر انگلینڈ لائنز کے خلاف اے ٹیم کے میچز دیکھنے پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور پوری قوم ایک طرف پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کسی فیصلے کے انتظار کی اذیت میں مبتلا رہی،دوسری جانب سلیکٹرز نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے یواے ای میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید بھارت سے مجوزہ سیریز کیلیے ممکنہ اسکواڈ کی فہرست چیئرمین بورڈ شہریار خان کو سونپ کرساتھیوں کے ہمراہ انگلینڈ لائنز کیخلاف پاکستان اے ٹیم کے میچز دیکھنے کیلیے چلے گئے تھے۔

ملک بھر کے مختلف شہروں میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے مقابلے جاری ہیں لیکن انھوں نے امارات جانے کو ترجیح دی، بتایا گیا ہے کہ سلیکٹرز وہاں آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کی کوشش کریں گے، نظر میں موجود کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس بھی جانچی جائے گی۔

حقیقت یہ ہے کہ میگا ایونٹ کے ممکنہ اسکواڈ میں شامل بیشتر پلیئرز کے ناموں پر ازسر نو غور کرنے کی بھی ضرورت نہیں،1،2 تبدیلیوں کیلیے یواے ای میں سیریز سے ''جوہر'' قابل تلاش کرنے کے خاطر سلیکٹرز نے مہنگی ترین قیام و طعام کی سہولیات استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا جس پر بار بار ملازمین کی تعداد میں کمی کے اشارے دینے والے پی سی بی کے لاکھوں روپے خرچ ہوجائیں گے، یاد رہے کہ پاکستان اے ٹیم میں بھی بیشتر کھلاڑی پہلے بھی ملکی اور انٹرنیشنل سطح پر آزمائے ہوئے ہیں،اب ایک بار پھر ان کی صلاحیتوں کے بارے میں تسلی کی جا رہی ہے۔