عمران نے ایک سال میں کونسا وعدہ پورا کیاشہید کے والد پھٹ پڑے

ہمیں پلاٹ یا پیسہ نہیں انصاف چاہیے،ذمے داروں کے تعین کیلیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے


Monitoring Desk/INP December 17, 2015
لائبریری نام کرنے سے کچھ نہیں ہوتا،سیاستدان شہدا کے لواحقین کے پاس کیوں نہیں جاتے؟ فوٹو: فائل

لاہور: آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے ایک بچے کے والد نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک سال کے دوران کونسا وعدہ پورا کیا۔ آرکائیو ہال پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران شہداء اے پی ایس کے والدین عمران خان اورصوبائی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔

تقریب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب شروع کرنے والے تھے کہ تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی اور شہداء کے والدین نے احتجاج شروع کر دیا۔ سانحہ اے پی ایس پشاورکے شہید بچے کے والد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پلاٹ ، پیسہ یاگھر نہیں انصاف چاہیے، ہمیں بتائیں کہ ایک سال میں عمران خان نے کونسا وعدہ اورصوبائی حکومت نے کونسی ذمے د اریاں پوری کی ہیں ؟ آئی جی نے نااہلی کا اعتراف کیا لیکن اب تک انھیں معطل کیوں نہیں کیاگیا، ہم سے کیے گئے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے ذمہ داران کا تعین کرنے کیلیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔شہید بچے کے والد نے کہا کہ ہمیں وہ مسکراتے ہوئے چہرے بھی یاد ہیں جنھوں نے پشاور آنے کا اعلان کیاتھا ، لائبریری نام کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، سیاستدان آتے جاتے ہیں لیکن وہ شہید بچوں کے لواحقین کے پاس کیوں نہیں جاتے۔

مقبول خبریں