عامرکی واپسی میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے عاقب جاوید

پیسرکوپریکٹس کے ساتھ کھویا ہوااعتماد بحال کرنے کا چیلنج بھی درپیش ہے، عاقب جاوید


Sports Reporter December 19, 2015
یواے ای ٹیم کی مصروفیات کے سبب سپر لیگ میں کوچنگ نہیں کرسکوں گا۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ پیسر عاقب جاوید نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت میں جلد بازی کی مخالفت کردی۔

ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ بولرکو ابھی جتنا ممکن ہوسکے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے، انھیں پریکٹس کے ساتھ کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کا چیلنج بھی درپیش ہے، اس بڑی رکاوٹ کے بعد ہی وہ میدانوں میں صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عامر واقعی 5 سال میں ایک بہتر شخصیت بن چکے ہیں تو انھیں موقع دینا چاہیے۔

عاقب جاوید یواے ای ٹیم کی مصروفیات کے سبب پاکستان سپر لیگ میں کوچنگ کی خواہش پوری نہ کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ میں نے ایونٹ میں خدمات فراہم کرنے کیلیے درخواست دی تھی، 2 ٹیموں کی جانب سے پیشکش بھی ہوئی لیکن اماراتی ٹیم کو اسی دوران نیدرلینڈز کے خلاف سیریز کھیلنی ہے لہذا میں کوچ ہونے کے ناطے پاکستان کی اولین لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے پی ایس ایل کی کامیابی کے ساتھ ٹیموں اور انتظامیہ کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔