دورہ نیوزی لینڈ کیمپ میں 14 کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ مکمل

پابندی کے بعد پہلی بار قومی پلیئرز کے ہمراہ ٹریننگ کرنے والے عامرتوجہ کا مرکز رہے


Sports Reporter December 22, 2015
شام کا سیشن منسوخ، کھلاڑیوں نے پی ایس ایل ڈرافٹ کی تقریب میں شرکت کی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹریننگ کیمپ میں 14 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کرلیے گئے، 5سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی بار قومی کرکٹرز کے ہمراہ ٹریننگ کا موقع پانیوالے محمد عامر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے، پاکستان سپر لیگ ڈرافٹ تقریب کی وجہ سے شام کا سیشن منسوخ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ، ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلے پاکستانی کرکٹرز کا فٹنس اینڈ ٹریننگ کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا، ابتدائی روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی،احمد شہزاد، شعیب ملک، بابراعظم، اسد شفیق، بلال آصف، عامر یامین، انور علی، محمد عرفان، عماد وسیم اور اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ محمد عامر سمیت 14 کھلاڑی شامل تھے۔

5 سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی بار قومی کرکٹرز کے ہمراہ ٹریننگ کا موقع پانے والے پیسر میڈیا کی خاص توجہ کا مرکز رہے،تاہم انھوں نے رسمی بات چیت سے گریز کیا، پہلے روز صبح کے سیشن میں کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ دیے اور زیادہ تر وقت جم میں گزارا، بعد ازاں پاکستان سپر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ کیلیے سجائی جانے والی تقریب کی رونق بڑھاتے نظر آئے، شام کا سیشن منسوخ کردیا گیا۔ یاد رہے کہ کیمپ کیلیے 26کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں لیکن پی سی بی نے قائد اعظم ٹرافی میں شریک پلیئرز کو 20 سے 23 دسمبر تک ڈومیسٹک میچز میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے، محمد حفیظ، شرجیل خان، اظہرعلی، افتخار احمد، عمراکمل، محمد رضوان، صہیب مقصود، رومان رئیس اور سعد نسیم کو 24دسمبر کے بعد کیمپ جوائن کرنا ہوگا۔

مقبول خبریں