دورہ لاہور اچانک تھا پاک بھارت مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں نریندر مودی

دونوں ممالک کو قریب لانا دورے کا مقصد تھا، آئندہ بھی مناسب وقت پر دورہ کروںگا، مودی کا ٹویٹر پیغام


News Agencies December 28, 2015
مودی کونوبل امن انعام کے مچھر نے کاٹ لیا، ترجمان کانگریس۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہاہے کہ ان کا دورہ لاہور اچانک تھا پہلے سے طے شدہ ہوتا تو تیاری کر کے جاتا، نوازشریف سے ملاقات بہت اچھی رہی اور دورہ لاہورکو بہت انجوائے کیا جب کہ کانگریس نے مودی کے دورہ پاکستان پر شدید تنقید کی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق اپنے ٹویٹر پیغام میںنریندر مودی نے کہا کہ افغانستان سے واپسی پربھارت جاتے ہوئے چونکہ پاکستان کے فضائی راستے سے جانا تھا اس لیے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کاسوچااورپھر کچھ دیرکے لیے لاہور میںرکا، دورہ لاہور کامقصد دونوں ممالک کے عوام کو قریب لاناہے اورمستقبل قریب میںیہ ممکن ہوسکے گا، ملاقات میں دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے انعقاد پر بات چیت کی تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حل طلب مسائل پرگفت وشنید کی جاسکے اور مسائل کے حل کا راستہ نکالا جاسکے۔

دورہ لاہور کو بہت انجوائے کیا آئندہ بھی مناسب وقت پر وہ پاکستان کادورہ کریں گے جبکہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے آئندہ ماہ کے مجوزہ دورہ بھارت کوزیادہ اہمیت حاصل ہوگئی ہے اوربھارتی میڈیانے بھی امیدظاہرکی ہے کہ شہبازشریف اپنے دورے میں ایک بار پھر وزیراعظم نریندرمودی اوردیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے جس سے دونوں ملک مزید قریب آئیںگے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواڑی نے مودی کے دورہ پاکستان پر شدیدتنقیدکرتے ہوئے کہاکہ مودی کادورہ پاکستان ایسے ہی نہیں تھا، لگتا ہے کہ مودی کو 'نوبل امن انعام کے مچھرنے کاٹ لیاہے' پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کوتوپہلے ہی اس مچھر نے کاٹا ہوا تھا۔

مقبول خبریں