انڈسٹری کی بہتری کیلیے دوسرے ممالک کے ساتھ مشترکہ فلمسازی پر توجہ دینا ہوگی ثنا

جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ دنیا کےخوبصورت مقامات پرفلمائے جانے والے مناظر اور گیت فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ثنا


Qaiser Iftikhar December 29, 2015
جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ دنیا کے خوبصورت مقامات پرفلمائے جانے والے مناظر اور گیت فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ثنا فوٹو: فائل

فلم اسٹار ثنا نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری اوربحالی کے لیے ہمیں دوسرے ممالک کے ساتھ کو پروڈکشن پرخاص توجہ دینا ہوگی۔ ایک طرف فلمسازی کے شعبے میں بہتری آئے گی اوردوسری جانب ہمیں پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کے بہترین مقامات بھی اپنی فلموںمیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

یہی نہیں فلم کا کاروبارمنافع بخش ہوگا اوردیکھتے ہی دیکھتے ہماری فلمیں ایک دن پوری دنیا میں دیکھی اورپسند کی جائینگی۔ ان خیالات کااظہار ثنا نے گزشتہ روز استنبول سے فون پر''ایکسپریس'' سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اب جدید ٹیکنالوجی سے فلمسازی کا عمل شروع ہوچکا ہے لیکن فلم بین جہاں جدید ٹیکنالوجی سے بنی فلموں کو پسند کرتے ہیں، وہیں دنیا کے خوبصورت مقامات پرفلمائے جانے والے مناظر اورگیت بھی ان کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت نے جہاں دنیا کے بیشترممالک میں اپنی فلمیں شوٹ کیں، وہیں مقامی فنکاروں کو اپنی فلموں کاحصہ بناکر کاروبارکوکئی گنا بڑھایا۔ اسی لیے تواب بھارت میں ایک فلم سو کروڑ روپے سے زائد میںبنائی جارہی ہے لیکن اس فلم کی نمائش کے ایک ہفتہ میں ہی بھاری منافع حاصل کیا جارہا ہے۔ جس کی بڑی وجہ فلم کی پوری دنیا میں نمائش ہونا ہے۔

اسی ٹرینڈ کی وجہ سے ہالی ووڈ نے پوری دنیا میںراج کیا ہے اورآج بھی ان کاراج قائم ہے۔ اس لیے ہمیں بھی اب دوسرے ممالک کے ساتھ مل کرمشترکہ فلمسازی کوفروغ دینا چاہیے۔ انھوں نے بتایاکہ میں ان دنوں ترکی میں ہوں اوریہاں کی خوبصورت لوکیشنز کوجب ہم اپنی فلموںکا حصہ بنائیں گے یا دیگرممالک میں فلمسازی کرینگے تواس کی بدولت ہماری فلموں کاکاروباربہتر ہوگا۔ اسی طرح جب ہم اپنی فلموںمیں دوسرے ممالک کے فنکاروں کو کاسٹ کرینگے توپھر فلم بینوںکی تعداد اپنے سپراسٹارز کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کرے گی۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہالی ووڈ کی فلموں میں بالی وڈ اسٹارز کومختصرکرداروں میں کاسٹ کیا گیا تھا لیکن اس کی بدولت بھارت میں ان کی فلموں کودیکھنے والوں کی بڑی تعداد نے سینما کا رخ کیا جس سے فلم کے بزنس کوچارچاند لگ گئے۔ اس لیے اب ہمارے فلم میکرز کوبھی ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے تیزی کے ساتھ آگے بڑھنا اورپاکستان فلم انڈسٹری کودنیا کے ہر کونے تک پہنچانا ہوگا۔