پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئیگی شرجیل میمن

پی پی کے سوا دوسری سیاسی جماعتوں کی جڑیں عوام میں موجود نہیں ہیں، وزیر اطلاعات


Staff Reporter October 30, 2012
پی پی کے سوا دوسری سیاسی جماعتوں کی جڑیں عوام میں موجود نہیں ہیں، وزیر اطلاعات. فوٹو: فائل

KARACHI: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئندہ قومی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور عوام کی خدمت کا تسلسل جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے آج اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں انھیں اپنے بہترمستقبل کیلیے پاکستان پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی دوسری سیاسی جماعت نظر نہیں آتی کیونکہ دوسری سیاسی جماعتوں کی جڑیں عوام میں موجود نہیں ہیں ، انھوں نے کہا کہ آمروں نے جمہوریت کا گلاگھونٹنے کیلیے ایسی جماعتیں تشکیل دیں جن کی جڑیں عوام میں نہیں تھیں لیکن پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں ایک عام کارکن سے لیکر وزیراعظم تک عوامی طرز زندگی اختیار رکھتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کے عہدیدار بادشاہی طرز زندگی کے اس حد تک عادی ہوچکے ہیں کہ انھیں عوام کے مسائل کا علم ہی نہیں، انھوں نے مزید کہاکہ جنرل ضیا الحق کے لگائے ہوئے سیاسی پودے میاں نواز شریف اب بزعم خود اپنے آپ کو ایک تناور درخت سمجھتے ہیں جبکہ درحقیقت پاکستان کی سیاسی آب و ہوا میں ان کی حیثیت کیکرکی جھاڑی سے زیادہ نہیں کیونکہ کیکرکا درخت کسی پر سایہ فگن نہیں ہوتا اور اس کے نیچے بیٹھنے والے بھی اس کے کانٹوں سے زخمی ہوتے ہیں ۔