پٹرول کی قیمت برقرار مٹی کا تیل سستا

حکومت کو پٹرول پمپوں میں فروخت ہونے والے تیل کے معیار اور ان کے پیمانوں کی مسلسل پڑتال کرنی چاہیے۔


Editorial January 02, 2016
لائٹ ڈیزل 8.29، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 اور مٹی کا تیل 8.07 روپے سستا کردیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ، فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے نئے سال کے آغاز پر جنوری میں پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے البتہ ڈیزل اور مٹی کے تیل میں آٹھ روپے سے زیادہ کمی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا پٹرول کی قیمت برائے جنوری بغیر کسی رد و بدل کے 76.26 روپے فی لٹر برقرار رہے گی۔ ہائی اوکٹین کی قیمت میں بھی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اس کی قیمت 80.66 روپے فی لٹر برقرار رہے گی۔

ڈیزل کی قیمت 3 روپے کمی کے بعد 80.70روپے لٹر ہو گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 8.70 روپے کمی کے بعد 48.25 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی خوش آیند ہے کیونکہ اس کا استعمال کم آمدنی والا طبقہ کرتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں مزید کمی کی جائے تاکہ نچلے طبقے کو فائدہ پہنچ سکے۔ لائٹ ڈیزل 8.29روپے کمی کے بعد 44.94 روپے فی لٹر فروخت ہو گا۔اس حوالے سے ایک اہم پہلو پر حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔

مٹی کا تیل سستا ہو اور پٹرول خاصا مہنگا ہو جائے تو پھر پٹرولیم پمپ مالکان اور کھلا پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول میں مٹی کے تیل کی ملاوٹ شروع کر دیتے ہیں، حکومت کو پٹرول پمپوں میں فروخت ہونے والے تیل کے معیار اور ان کے پیمانوں کی مسلسل پڑتال کرنی چاہیے۔ڈیزل بھی مزید سستا کیا جانا چاہیے تاکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوسکے۔