کراچیغیرملکی نمبرپلیٹس والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کاحکم

ان فٹ پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف بھی ایکشن لیاجائے،سپریم کورٹ کے 5رکنی بینچ کی ہدایت


Staff Reporter November 02, 2012
غیررجسٹرگاڑیوںکورجسٹراورماہانہ 3 ہزار بسوں کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنیکابھی حکم۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیرملکی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور ان فٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ماہانہ 3ہزار بسوں کامعائنہ کرکے رپورٹ پیش کی جائے اورپبلک ٹرانسپورٹ کاباقاعدہ معائنے کو یقینی بنایا جائے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر سفر کے رجحان کو روکنے کی کوشش کی جائے،عدالت نے ہدایت کی کہ گورنرہائوس سمیت جہاں بھی غیررجسٹرڈ گاڑیاں ہوں انھیں رجسٹرڈکیاجائے۔جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں5رکنی لارجربینچ نے کراچی بدامنی ازخودنوٹس کیس کی سماعت آئندہ سیشن تک ملتوی کردی۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس خلجی عارف حسین،جسٹس سرمدجلال عثمانی،جسٹس امیرہانی مسلم اورجسٹس گلزار احمدشامل ہیں،عدالت کے استفسارپرڈی آئی جی ٹریفک خرم گلزارنے بتایاکہ ٹریفک پولیس کے 3200اہلکارہیں جو کہ کراچی کی آبادی کے لحاظ سے بہت کم تعدادہے،متعددباراس کی نشاندہی کی جا چکی ہے مگرنفری میں اضافہ نہیں کیاجارہا۔

عدالت کے استفسارپرانھوں نے بتایاکہ گزشتہ برس فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف3004چالان کیے گئے ہیں،غیر ملکی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بھی کاروائی کی جاتی ہے تاہم دفتر خارجہ کااجازت نامہ رکھنے والی گاڑیوں کوچھوڑدیاجاتاہے۔انھوں نے عدالت میں1985 کے مسعودالرحمان کمیشن کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ آج سے27سال قبل بھی اس کمیشن نے شہرمیں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کا حل ماس ٹرانزٹ پروگرام تجویز کیاتھا،شہر میں 15ہزار سے زائد بسیں چل رہی ہیں،ان کی فٹنس چیک کرنے کا نظام موجود ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد نے بتایا کہ کراچی میں 27لاکھ گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔

جسٹس انور ظہیرجمالی نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ جھنڈے والی گاڑیوں پر اے آف آر کی نمبر پلیٹ ہوتی ہے،ان گاڑیوں پرسوار افراد گالیاں دیتے ہوئے نکل جاتے ہیں انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں،کوئی بھی ٹریفک پولیس اہلکار کو تھپڑ مار کر چلاجاتا ہے،پولیس اہلکاروں کے قاتل بھی پکڑے نہ جائیں توکیسے امن ہوسکتا ہے۔جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ دنیا کے بڑے شہروں میں ماس ٹرانزٹ سسٹم ہوتا ہے کراچی کو بھی ایسے ہی نظام کی ضرورت ہے،جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ شہر میں غیر ملکی نمبر پلیٹس اور ان فٹ بسیں چل رہی ہیں، غیر ملکی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے ضبط کرلیاجائے۔

مقبول خبریں