سعودی عرب گیس ٹینکر حادثے کے بعد پھٹ گیا 22ہلاک 111زخمی

دارالحکومت ریاض میں ٹینکر اوور ہیڈ برج سے ٹکرا کر تباہ ہوا، آگ بھڑکنے سے کئی گاڑیاں جل کر راکھ


News Agencies/AFP November 02, 2012
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوع کا جائزہ لے رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گیس سے بھرا ایک ٹینکر اوور ہیڈ برج سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے بعد لیک ہونے والی گیس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 111 زخمی ہوگئے۔

حادثہ خریص روڑ پر پیش آیا، گیس ٹینکر میں لگنے والی آگ سے کئی گاڑیاں جل کر راکھ اور متعدد کو نقصان پہنچا، قریبی دکانیں بھی شدید متاثر ہوئیں، زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے، اے ایف پی کے فوٹو گرافر کے مطابق حادثے میں قریبی علاقے میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، حادثہ میں ایک بس بھی جل کر راکھ ہوگئی جو ملازمین کو لیکر جارہی تھی ، عینی شاہدین کے مطابق بس میں سوار ملازمین کے بارے میں کچھ پتا نہیں ہے، گیس کے دھماکے سے ایک ٹرک اوور ہیڈ برج سے نیچے گر گیا،گیس میں دھماکے کے بعد کالا دھوں دور دور تک پھیل گیا۔

سول ڈیفنس کے ترجمان محمد الحمادی نے کہا کہ دھماکا ٹینکر سے گیس لیک ہونے کے بعد ہوا، ادھر العریبیہ ٹی وی نے کہا ہے کہ دھما کا ایک تیل لے جانے والے ٹینکرمیں ہوا جس کی وجہ سے پٹرول پمپ تباہ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق ابھی تک دھماکے کی وجوہات اور ہلاکتوں کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا تاہم عینی شاہدین نے کہا ہے کہ دھماکا ٹریفک حادثے کی وجہ سے ہوا۔