مسئلہ کشمیر کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیںعلی گیلانی

بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے، اکتوبر میں 10 کشمیریوں کو شہید کیا گیا


APP November 02, 2012
بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے، اکتوبر میں 10 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، فوٹو: اے ایف پی فائل

مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے جس کا کوئی آئینی، سیاسی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے اپنی سرپرستی میں قائم فورم کی مجلس شوری ٰ کے اجلاس سے سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امرناتھ یاترا کو کشمیر پر اپنے غیر قانونی فوجی قبضے کو مستحکم کرنے کا ایک ذریعہ بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس مقصد کے لیے پچھلے چند برسوں میں یاتریوں کی تعداد میں پچاس گنا اضافہ کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ یاتریوں کی تعداد میںبے پناہ اضافے سے ریاست کے سیاسی حالات،ثقافت اور ماحولیات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے فوجی قبضے کے خاتمے تک اپنی جد وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

ادھر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دورا ن اکتوبر میںایک خاتون سمیت10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق بھارتی فورسزکی طرف سے مقبوضہ علاقے کے مختلف مقامات پر پر امن مظاہرین پرطاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 68 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15کشمیریوں کو جن میں زیادہ تر نوجوان شامل تھے گرفتار کیا گیا۔