کپڑے کی غیرقانونی درآمد کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

جعلی لیڈنگ بل ومس ڈیکلریشن پر3کمپنیوں کیخلاف13مقدمات درج،مزید14کی تیاریاں


Ehtisham Mufti January 29, 2016
محکمہ کسٹمز نے ماسٹربیچ کے کھیپ کی کلیئرنس بھی ناکام بنادی، کنٹینرضبط،تحقیقات جاری فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز نے ملک میں غیرقانونی طور پربھارتی کپڑے کی درآمدات اورجعلی بل آف لیڈنگ کے کاروبار میں ملوث درآمدکنندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ نے کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے جعلی بل آف لیڈنگ کے کاروباراور مس ڈیکلریشن میں ملوث 3 مختلف درآمدکنندہ کمپنیوں کے خلاف مجموعی طور پر13 مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کلکٹراپریزمنٹ ویسٹ جواد آغا کو خفیہ نیٹ ورک سے یہ اطلاع موصول ہوئی تھی درآمدکنندگان کاکارٹل شپنگ کمپنی کی باہمی ملی بھگت سے انتہائی منظم انداز میں نہ صرف ممنوعہ بھارتی کپڑا درآمد کررہے ہیں بلکہ بھارتی کپڑے کے کنسائمنٹس سے متعلقہ بل آف لیڈنگ جعلسازی کرتے ہوئے اوریجن تبدیل کرکے ایف ٹی اے کی ترغیبات سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی خزانے کو ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں بھاری نقصان بھی پہنچارہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کلکٹریٹ کی جانب سے جن تین درآمدکنندہ کمپنیوں کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، انہوں نے جولائی تا نومبر2015 کے دوران ایک شپنگ کمپنی کی ملی بھگت سے بھارتی کپڑا دبئی سے درآمد کیا لیکن اس کنسائمنٹ کوکم شرح ڈیوٹی وٹیکس پر کسٹمز کلیئرنس کیلیے متعلقہ بل آف لیڈنگ میں ردوبدل کرتے ہوئے کنسائمنٹ کی درآمدات کو چین سے ظاہر کیا گیا جس پردرآمدکنندگان نے ایف ٹی اے کی ترغیبات سے بھی بھرپوراستفادہ کرتے ہوئے ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف ٹی اے ترغیبات سے استفادہ کرنیوالوں کوڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں5 تا10 فیصد کی رعایت ملتی ہے لیکن مذکورہ درآمدکنندگان نے غلط انداز میں اس سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ بے قاعدگیوں کی نشاندہی کے بعد ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ اورڈائریکٹوریٹ کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے مشترکہ طور پر تحقیقات کے دائرہ کارکو توسیع دیتے ہوئے مزید14 مقدمات درج کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ دریں اثناڈائریکٹوریٹ کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانوسٹی گیشن انفورسمنٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل سے انڈرانوائسنگ کے تحت کلیئرکیے جانیوالے ماسٹربیچ کے کنسائمنٹ کی کلیئرنس ناکام بناتے ہوئے کنسائمنٹ ضبط کرلیاہے۔

ذرائع کے مطابق میسرز سمبل انڈسٹریزپرائیوٹ لمیٹڈکی جانب سے کوریاسے 19 ٹن ماسٹربیچ کاکنسائمنٹ درآمدکیاگیاجس کی کلیئرنس کیلیے کلیئرنگ ایجنٹ پرویزعمرانٹرپرائزکی جانب سے گڈز ڈیکلریشن KAPW-HC-132586 جنوری 18کوفائل کی گئی تاہم درآمدکنندہ اورکلیئرنگ ایجنٹ نے ملی بھگت کے ساتھ ماسٹربیچ کے کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو 1.70ڈالر فی کلو گرام ظاہرکرکے کنسائمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ویلیوایشن کی جانب سے ویلیوایشن رولنگ نمبر786جاری کی تھی۔

جس کے تحت ماسٹربیچ کے کنسائمنٹ 2.65ڈالر فی کلوگرام پرکلیئر کیا جانا تھا لیکن درآمد کنندہ اور کلیئرنگ ایجنٹ کی جانب سے ویلیوایشن رولنگ کو نظراندازکیاگیاتاکہ 9لاکھ 50ہزار روپے کے ڈیوٹی وٹیکسز کی چوری کی جاسکے تاہم ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانوسٹی گیشن نے ڈیوٹی وٹیکسزچوری کیے جانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ماسٹربیچ کا کنسائمنٹ ضبط کرلیاہے جبکہ مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

مقبول خبریں