حسد نہیں اچھے کام پر رشک کرتی ہوں تبو اداکارہ مقابلے کے لیے تیار

بڑھتی ہوئی عمر سے خوفزدہ نہیں ہوں، اداکارہ ہی رہنا چاہوں گی، فلم پروڈیوس کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔


Net News November 04, 2012
منیشا کوئرالہ کی انسان دوستی سے متاثر ہوں ، ساتھی اداکارائوں کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں ،بالی وڈ اداکارہ کاانٹرویو ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ تبو نے کہا ہے کہ وہ کسی سے حسد نہیں کرتی، ساتھی فنکارائوں کے اچھے کام پر رشک کرتی ہوں۔

40 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میری عمر کی کئی اداکارائیں بھی فلمیں کررہی ہیں اور اس وقت میرے ساتھ مقابلے میں ان کی فلمیں آرہی ہیں مگر میں سمجھتی ہوں کہ ہر فنکار کی اپنی انفرادیت اور جگہ ہوتی ہے اس لیے میرے اندر کسی بھی ساتھی اداکارہ سے حسد والا جذبہ پیدا نہیں ہوا۔اداکارہ نے کہا کہ فلم ''بندایہ بنداس ''ریلیز کے لیے تیار ہے اس کے ساتھ ہی آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکار اینگ لی کی فلم ''لائف آف پائی'' میں بھی اہم کردار نبھارہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ ہر طرح کا کردار نبھانا چاہتی ہوں اور ایسا کرکے بھی دکھا رہی ہوں ۔اپنی بڑھتی ہوئی عمر سے خوفزدہ نہیں ہوں ۔

انھوں نے کہا کہ میری ساتھی فنکارائیں شلپا شیٹھی ، کرشمہ کپور جو بھی کہیں اور مقابلے کی فضا پیدا بھی ہوجائے تو میںکسی سے بھی حسد نہیں کروں گی ۔اپنی کسی ہم عمر اداکارہ کے جوان بننے پر بھی نہیں جلتی ،اپنا کام کرکے خوش رہتی ہوں ،گووندا کے ساتھ نئی فلم مکمل ہوچکی ہے ،ہدایتکار روی چوپڑا کی اس فلم میں اپنا کردار خوبی سے نبھانے کی کوشش کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں اپنے کردار کو فلمانیسے قبل اس کا مطالعہ بھی کرتی ہوں ۔اداکارہ نے بتایا کہ لارادتہ نے بھی اس فلم میں اہم کردار نبھایا ہے ۔ساتھ سلمان خان بھی ہونگے یوں یہ فلم میگااسٹار بن گئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کرشمہ اور شلپا شیٹھی کا مقابلہ اپنی پرفارمنس سے کرتی ہوں ۔میرا کام ہی میری پہچان ہے اور اس میں بہتری لانے کے لیے کوشاں رہتی ہوں ۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر شلپا کو پسند کرتی ہیں اور منیشا کوائرالہ کی انسان دوستی سے متاثر ہوں اپنی ساتھی اداکارائوں کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں اور ان کی ترقی اور اچھی پرفارمنس پر دلی خوشی ہوتی ہے ۔بے شمار فلمیں کی ہیں اور متعدد کررہی ہوں مگر یہ نہیں کہ فلم کو وقت نہ دیا ہو ہر فلم پر دل وجان سے محنت کرتی ہوں ۔میری یہ کوشش رہی ہے کہ اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بناتی رہوں ۔انھوں نے کہا کہ ہر جگہ جانے سے کتراتی ہوں صرف چنیدہ اور اچھے لوگوں سے ملنا پسند ہے ۔

اداکارہ نے کہا کہ اسی طرح ممنتخب فلمیں کرنا چاہتی ہوں ۔اداکارہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ بہت ساری اداکارائیں پروڈکشن کی طرف آرہی ہیں تو کیا آپ کا بھی کوئی ایسا منصوبہ ہے جس پر انھوں نے کہا کہ میرا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے میں اداکارہ ہوں اور اداکارہ ہی رہنا چاہوں گی ،مجھے اداکاری سے لگائو ہے اور اب یہ کام میرے لیے بہت آسان ہوگیا ہے ۔

مقبول خبریں