انتخابی اتحاد کا فیصلہ پیر پگارا کریں گے امتیاز شیخ

کسی سے بھی ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے،نیا بلدیاتی نظام سندھ تقسیم کرنے کی سازش ہے.


Nama Nigar/Numainda Express November 07, 2012
سندھ کی بقا کی خاطر حکومت سے الگ ہوئے، ٹنڈو الٰہیار میں پارٹی دفتر کے افتتاح پر گفتگو. فوٹو: فائل

لاہور: نیشنل پیپلز پارٹی سے ہماراا تحاد ہے، لیکن آئندہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ موقع کی مناسبت سے کسی سے بھی ہو سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ پیر صاحب پگارا ہی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہارسابق صوبائی مشیر و فنکشنل مسلم لیگ کے مرکزی رہنما امتیاز شیخ نے دورہ حیدرآباد کے موقع پر پارٹی رہنما سہیل جمالی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اس موقع پر پیر پگارا کے صاحبزادے اور فنکشنل لیگ سندھ کے نائب صدر سید محمد راشد شاہ راشدی، ایم این اے فقیر جادم منگریو، نصرت سحر عباسی، ماروی راشدی، زبیر احمد سمیت رہنمائوں اورکارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا کردار شاندارہے۔ اسی طرح سپریم کورٹ بھی آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے۔ میئر کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے اختیارات دیے گئے ہیں، جب کہ میئر کے کچھ اختیارات تو وزیر اعلیٰ سے بھی زیادہ ہیں۔ موجودہ بلدیاتی نظام میں ساری خرابی پی پی کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مسائل کا شکار ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کراچی کے بعد اب حیدرآباد میں بھی شروع ہوگئی ہے۔ اس موقع پر پیر پگارا کے صاحبزادے اور فنکشنل لیگ سندھ کے نائب صدر سید محمد راشد شاہ راشدی نے کہا ہم زمین اور مذہب کے لیے قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

دریں اثنا ٹنڈو الہیار میں پارٹی کے ضلعی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ فنکشنل لیگ سندھ کی بقا اور اصولوں کی خاطر حکومت سے الگ ہوئی۔ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں، آئندہ الیکشن میں پیر سائیں پگارا خود مہم میں نکلیں گے۔ 10 نومبر کو ٹنڈوالٰہیار کے جلسے میں سندھ کا بچہ بچہ شریک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے ریفرنڈم میں حصہ لینے کا فیصلہ پیرپگارا کریں گے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو بے روزگاری، دہشت گردی، بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا اور کارکردگی زیرو رہی ہے اور اب لوکل گورنمنٹ کے ذریعے سندھ کو توڑنے کی گھنائونی سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر مسلم لیگ فنکشنل کے ڈویژنل صدر ٹھاکر نذیر قائم خانی و دیگر رہنما سمیت اپوزیشن لیڈر نصرت سحر عباسی بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں