عبداللہ شاہ غازیؒ نے اسلام کے حقیقی فلسفے کا پرچار کیاثروت اعجاز
عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس پر عام تعطیل کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، ثروت اعجاز
سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حضرت سیدنا عبداللہ شاہ غازیؒ نے اسلام کے حقیقی فلسفے کا پرچار کیا۔
آپ نے امن، محبت، بھائی چارگی اور انسانیت کے احترام کو فروغ دیکر ظلم وستم کے اندھیرے سے انسانیت کو نجات دلائی، حضرت عبداللہ شاہ غازی کامسلمان ہی نہیں غیر مسلم بھی عقیدت واحترام کرتے ہیں، 1282سال گزر جانے کے باوجود بھی اہل ایمان آج بھی آپ سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت پر ڈیفنس ،کلفٹن،کیماڑی ٹائون سے آئے ہوئے معززین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آپ کا مزار رحمتوں اور روحانیت کا مرکز ہے، یہی وجہ ہے کہ لاکھوں اہل ایمان آپ کے مزار پر حاضر ہوکر آپ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ دو سال قبل وہاں خود کش حملے کی ناپاک جسارت کرنے والوںنے یہ سمجھا تھا کہ شاید موت کے خوف سے عقیدت مندوں کی حاضری میں کمی آجائے گی، دہشت گرد دیکھ لیں اولیا سے محبت کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد آج بھی تقریبات میں موجود ہے، ثروت اعجاز قادری نے عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس پر عام تعطیل کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔