امریکی معاشی خدشات پرایشیائی حصص مارکیٹس بیٹھ گئیں

ٹوکیو 1.5، سڈنی 0.7، سیئول 1.3، ہانگ کانگ 2.4 اور شنگھائی میں 1.6 فیصد مندی۔


AFP November 09, 2012
سنگاپور، تائی پے، کوالا لمپور، جکارتہ، بنکاک اور ممبئی کی حصص مارکیٹس بھی گرگئیں۔ فوٹو : آن لائن

SUKKUR: امریکی انتخابات میں اوباما کے دورہ جیتنے سے کانگریس میں قرضوں کی حد پر ڈیمو کریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان تعطل پیدا ہونے اور اس سے امریکی معیشت کو لاحق خطرات نے جمعرات کو ایشیائی حصص مارکیٹس کو مندی سے دوچار کردیا۔

سرمایہ کاروں کے منقسم کانگریس کے قرضوں کی حد بڑھانے پر عدم اتفاق کے خدشات مارکیٹس میں فروخت کے دبائو میںاضافہ کا باعث بنے جس سے ٹوکیوکی حصص مارکیٹ 1.51 فیصد کمی سے 8837.15 پوائنٹس پرآگئی، سڈنی میں انڈیکس 0.72 فیصد گر کر 4483.8 پوائنٹس پر بند ہوا، سیئول کی مارکیٹ 1.33فیصد کمی سے 1911.09 پوائنٹس کی سطح پربند ہوئی، ہانگ کانگ میں انڈیکس 2.41 فیصد گھٹ کر 21566.91 پوائنٹس ہوگیا۔

شنگھائی کی مارکیٹ 1.63 فیصد مندی کا شکار ہوئی جس سے بنچ مارک انڈیکس 2071.51 پوائنٹس پر آ گیا، اس کے علاوہ سنگاپور1.02 فیصد، تائی پے0.61 فیصد، کوالالمپور0.27 فیصد، جکارتہ0.52 فیصد، بنکاک 0.46 فیصد اور ممبئی کی حصص مارکیٹ 0.30 فیصد نیچے آگئی جبکہ صرف منیلا میں 0.17 پوائنٹس اور ویلنگٹن کی مارکیٹ می0.31 فیصد تیزی دیکھی گئی۔