کرکٹ کمیٹی چیف نے وسیم اکرم پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی

سابق کپتان نے پاکستان کو بیچا، وہ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار تھے، شکیل شیخ


Sports Reporter March 09, 2016
داغدار شہرت کے بارے میں سب جانتے ہیں، اسپانسرز تلاش کرکے بورڈ پر تربیتی کیمپ لگانے کیلیے دباؤ ڈالا گیا، شکیل شیخ فوٹو: فائل

KARACHI: شکیل شیخ نے وسیم اکرم پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سابق کپتان نے پاکستان کو بیچا میں نے نہیں، جسٹس قیوم کمیشن میرے نہیں ان کیخلاف ہی بیٹھا تھا، فکسنگ کیس کے وہی مرکزی کردار تھے، داغدار شہرت کے بارے میں سب جانتے ہیں، وہ اسپانسرز تلاش کرکے بورڈ پر تربیتی کیمپ لگانے کیلیے دباؤ ڈالتے ہیں، آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈر کی کوچنگ بھی عمران خان کی سفارش پر ملتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پی سی بی کی جانب سے نان کرکٹر شکیل شیخ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کیے جانے کے فیصلے کو وسیم اکرم نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، گورننگ بورڈ کے رکن اور بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نے اس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الزامات کی بوچھاڑ کردی ہے۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم آئے روز جس ملک بھارت میں جاتے ہیں وہاں بی سی سی آئی کی باگ ڈور سنبھالنے والے کتنے افراد سابق کرکٹرز ہیں؟ آئی سی سی کا نظام چلانے والوں میں سے کئی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے، ماضی میں وسیم اکرم کو اسلام آباد میں2چھکے لگا چکا، کلب، ڈسٹرکٹ اور یونیورسٹی سطح تک کھیلا ہوں، صرف میری بات نہیں بلکہ انھوں نے تحقیقاتی کمیٹی پر جس ردعمل کا اظہار کیا وہ حیران کن ہے۔

اس کے مقاصد سیاسی لگتے ہیں یا وہ ملکی کرکٹ کے سسٹم کو پامال کرنا چاہتے ہیں، شکیل شیخ نے کہا کہ پاکستان کو وسیم اکرم نے بیچا میں نے نہیں، جسٹس قیوم کمیشن میرے نہیں ان کیخلاف ہی بیٹھا تھا، ان پر ہی کیس بنا، سب جانتے ہیں کہ سابق کپتان ہی فکسنگ کے مرکزی کردار اور ان کی ماضی کی شہرت داغدار ہے۔ ہدف تنقید بنائے جانے کے باجود باسط علی کو پی سی بی میں عہدہ ملنے اور اب وسیم اکرم کو بھی پاکستان سپر لیگ کا سفیر بنائے جانے کے سوال پر شکیل شیخ نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز سابق کپتان کی رویے پر غور کرے گا،ہوسکتا ہے کہ ان کو فارغ کردیا جائے۔

پی سی بی کبھی وسیم اکرم کے پیچھے نہیں بھاگا، وہ خود ہی دباؤ ڈالتے ہیں کہ میری پاس اسپانسر ہے بولرز کیلیے تربیتی کیمپ لگایا جائے،انھوں نے کہا کہ سابق پیسر آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈر کی کوچنگ حاصل کرنے کیلیے بنی گالا میں عمران خان کا 3،3 گھنٹے تک انتظار کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان عمران کی بڑی عزت کرتے ہیں، یوں وسیم اکرم کو کوچنگ کی ذمہ داری مل جاتی ہے۔ شکیل شیخ نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کا ٹاسک لمبا ہے،سلیکشن،کوچز اور کپتان سمیت تمام معاملات میں مسائل کی کھوج لگانا ہے، پاکستان کرکٹ میں بہتری کیلیے تجاویز دینا ہیں، ہوسکتا ہے کہ وسیم اکرم کو ڈر ہوکہ آگے چل کر میری باری نہ آجائے۔