ملک بھر میں بجلی کی ترسیل متاثر

ابھی موسم گرما کا آغاز بھی نہیں ہوا ہے کہ روایتی لوڈشیڈنگ کا عفریت دوبارہ نمودار ہو گیا ہے


Editorial March 13, 2016
راست ہو گا کہ آنے والے موسم کے لیے ابھی سے تیاری کر لی جائے تا کہ عوام کو ہر سال کی طرح بہت زیادہ لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

ADELAIDE: ملک بھر میں گزشتہ دنوں بارشوں اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث بجلی کی ترسیل شدید متاثر ہوئی جس کے باعث عوام کو طویل تر لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں بارشوں سے بجلی کا ترسیلی نظام معطل ہو گیا، 33 فیڈر ٹرپ کرنے سے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے اور بجلی نہ ہونے سے کاروبار زندگی درہم برہم ہو گیا۔ بیشتر علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے طلبا کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، عوام میں بے چینی اور اضطراب کی شدید لہر پائی جاتی ہے۔

ابھی موسم گرما کا آغاز بھی نہیں ہوا ہے کہ روایتی لوڈشیڈنگ کا عفریت دوبارہ نمودار ہو گیا ہے۔ حکومت کو اس جانب فوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ایک اطلاع کے مطابق گدو تھرمل پلانٹ سے 270 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر دی گئی ہے جب کہ 1100 میگاواٹ مزید بجلی اپریل کے اختتام تک شامل کر دی جائے گی۔ نئے پاور پلانٹس اور بحالی کے اقدامات کے نتیجے میں موسم گرما کے دوران مجموعی طور پر 820 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ مذکورہ اقدامات کے نتیجے میں امید کی جانی چاہیے کہ لوڈشیڈنگ کی صورتحال بہتر ہو گی۔

ملک کے معاشی ہب کراچی میں بھی جمعہ کو ٹرانسمیشن لائن خراب ہونے سے شہر کے 90 فیصد علاقے بجلی سے محروم رہے، شہر بھر میں مسلسل 5 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، جمعے کی رات گئے تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ واضح رہے کہ موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کے ٹرانسمیشن نظام کے نقائص سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، گزشتہ سال بھی موسم گرما میں 5 بار آنے والے بریک ڈاؤنز کی وجہ سے پورے شہر میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی اور اس سلسلے میں نیپرا کی تحقیقات میں کے الیکٹرک کو ذمے دار قرار دیا گیا تھا۔

غیر اعلانیہ اور طویل تر لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوتا ہے، نہ صرف صنعتیں بلکہ چھوٹے کاروباری حضرات کو بھی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موسم گرما میں لوڈشیڈنگ روایت بن چکی ہے، اب اس رویے سے گریز کرنا ہو گا، بجلی کی ترسیل کے نظام میں آنے والے اسقام کو پیشگی درست کرنے کی جانب توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔ شدید گرمی کے دوران مون سون سیزن میں شہر میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہو جاتی ہے، راست ہو گا کہ آنے والے موسم کے لیے ابھی سے تیاری کر لی جائے تا کہ عوام کو ہر سال کی طرح بہت زیادہ لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مقبول خبریں